الیکشن کمیشن ،علی امین گنڈاپورکیخلاف گوشواروں میں غلط بیانی کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج


 اسلام آباد (صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپورکیخلاف گوشواروں میں غلط بیانی کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے سالانہ گوشواروں میں غلط بیانی کے معاملے پرچیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

ڈی جی پولیٹیکل فنانس مسعود اختر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے،علی امین گنڈاپور کے وکیل بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔درخواست گزار کفیل احمد نے علی امین گنڈاپور کی نااہلی کی درخواست واپس لے لی۔الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کے خلاف کفیل احمد کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کردی۔علی امین گنڈاپورکے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا ازخود نوٹس معطل کردیا ہے۔ ممبر اکرام اللہ خان استفسارکیاکہ کیا پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو حتمی فیصلے سے روکا ہے؟۔علی امین گنڈاپورکے وکیل نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو کارروائی کرنے سے بھی روکا ہے۔ الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کے خلاف کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔