غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملے جاری، مزید 65 فلسطینی شہید


 غزہ(صباح نیوز) اسرائیلی فوج کے غزہ پر حملے میں مزید65 فلسطینی شہید ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی حملوں کے دوران صرف رفح میں25 شہری جبکہ اسرائیلی فوج کے حملوں میں مجموعی طور پر 40 فلسطینی شہید ہوئے۔

دوسری جانب غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی کوششیں جاری ہیں جس کیلئے اسرائیل نے حماس کو غزہ میں 40 روز کی جنگ بندی کی پیشکش کی ہے۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان حماس نے کہاکہ مذاکرات میں پیش رفت کیلئے مستقل جنگ بندی لازمی بنیاد ہے، ہم جنگ بندی، غزہ سے اسرائیلی افواج کا انخلا اور بے گھر فلسطینیوں کی ان کے گھروں کو واپسی چاہتے ہیں۔

اس دوران امریکی صدر جوبائیڈن نے امیر قطر اور مصر کے صدر سے ٹیلی فونک رابطے کیے جس دوران غزہ جنگ بندی، رفح میں اسرائیلی فوجی کارروائی کے خطرات اور یرغمالیوں سے متعلق گفتگو کی گئی۔ وائٹ ہاؤس کا کہناہے کہ ذمہ داری حماس پر ہے کہ وہ اسرائیل کی تجاویز قبول کرے۔ امریکا کے صدر جوبائیڈن نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران غزہ اور دوسرے فلسطینی علاقوں پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔ امریکی اور قطری سربراہوں نے جنگ بندی معاہدے تک پہنچنے کیلئے پائیدار حل پر زور دیا جبکہ صدر جوبائیڈن نے شیخ تمیم بن حمد سے جنگ بندی کیلئے بطور ثالث کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔

قبل ازیں امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے مصری ہم منصب عبدالفتح السیسی کو فون کیا، اس دوران رفاح میں اسرائیل کے فوجی آپریشن کے نتائج اور خطرات پر تفصیلی گفتگو ہوئی، دونوں رہنماؤں نے قیدیوں کی رہائی اور جنگ بندی پر بات چیت کی۔ یاد رہے کہ حماس کا وفد اسرائیل سے جنگ بندی معاہدے کیلئے مصر کے دارالحکومت میں موجود ہے جبکہ غزہ جنگ بندی معاہدے میں رکاوٹ قیدیوں کا تبادلہ ہے۔

 ادھر فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں حماس کے عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں 2 اسرائیلی ریزرو فوجی مارے گئے۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسز (IDF) نے اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔ اسرائیلی فوج نے بتایا کہ وسطی غزہ کی پٹی میں ہونے والی جھڑپ میں 37 سالہ کلکدان مہر اور 28 سالہ ادو ابیب مارے گئے۔

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ دونوں فوجیوں کو دو الگ الگ حملوں میں گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا۔ ایک حملہ وسطی غزہ کی پٹی کے علاقے المغرقا میں اور دوسرا نطارم محور میں کیا گیا۔ یہ علاقہ شمالی اور جنوبی غزہ کے درمیان واقع ہے۔القسام بریگیڈز نے کہا کہ اس حملے میں متعدد قابض فوجی زخمی بھی ہوئے جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ ایک فوجی شدید زخمی ہوا ہے جس کی حالت تشویش ناک ہے۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو اسرائیل اور حماس میں جھڑپیں شروع ہونے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 608 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔