مولانا فضل الرحمن کا حماس رہنما اسماعیل ھنیہ سے ٹیلیفونک رابطہ،بیٹوں اور پوتوں کی شہادت پر تعزیت


اسلام آباد (صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے حماس رہنما اسماعیل ھنیہ سے ٹیلفونک رابطہ کرتے ہوئے اسرائیل حملے میں شہید ہونے والے ان کے بیٹوں اور پوتوں کی شہادت پر تعزیت کی۔

ترجمان جے یو آئی (ف) نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمن کی خصوصی ہدایت پر علامہ راشد محمود سومرو نے قطر میں اسماعیل ھنیہ سے ملاقات کی اور مولانا فضل الرحمن کا تعزیتی خط پیش کیا۔

ترجمان جے یو آئی (ف)نے کہا کہ ٹیلیفونک رابطے میں مولانا فضل الرحمن نے شہدا کی بلندی درجات کے لیے دعا کی، مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پاکستانی عوام فلسطینی بھائیوں کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہیں، ہم اپنے اجتماعات میں اسرائیلی جارحیت کو بے نقاب کریں گے۔

سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف)نے کہا کہ ہزاروں فلسطینیوں کی شہادتوں اور زخمیوں پر عالمی برادری خصوصا مسلم دنیا کی خاموشی افسوسناک ہے، ہم فلسطینیوں کی جدو جہد آزادی میں ان کے قدم بقدم اور شانہ بشانہ ہیں۔اسماعیل ھنیہ نے جدہ سعودی عرب میں بین الاقوامی کانفرنس میں فلسطینیوں کے لئے آواز بلند کرنے پر مولانا فضل الرحمن کا خصوصی شکریہ ادا کیا، اسماعیل ھنیہ نے جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے کارکنان اور پاکستانی عوام کا غزہ کے مظلوموں کے ساتھ کھڑے رہنے پر اظہار تشکر کیا۔

واضح رہے کہ 10 اپریل کو عیدالفطر کے موقع پر اسرائیل کی جانب سے کی گئی بمباری میں حماس کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کے تین بیٹے شہید ہو گئے تھے۔