قرآن مجید سراسر ہدایت ، رحمت اور برکت کاسرچشمہ ہے جو دائمی فلاح کی نوید لایا-ڈاکٹر حمیرا طارق

لاہور(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان  کی طرف سے ملک کے مختلف شہروں سے منصورہ میں دورہ تفسیر القرآن کے لیے رہائش  پذیر طالبات کے لیے افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا-افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ قرآن تو وہ مقدس کتاب ہے جس نے جاہل اور ان پڑھ اہل عرب کو زمانے بھر کا پیشوا بنا دیا – ہم تو خوش قسمت قوم ہیں کہ قرآن ہمارے درمیان موجود ہے اور خاص ہمارے لیے نازل ہوا – اب اس کو سیکھنا ،سمجھنا اور عمل کرنا ہمارا فرض ہے جس کے لیے رمضان المبارک بہترین مہینہ ہے-

انہوں نے کہا کہ  قرآن مجید سراسر ہدایت ، رحمت اور برکت کاسرچشمہ ہے جو دائمی فلاح کی نوید لایا-ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید نے کہا کہ ہر ماہ رمضان المبارک  میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کو قرآن پاک کی تفسیر سیکھنے والی سینکڑوں طالبات کی میزبانی کا شرف حاصل ہوتا ہے- اور ہوتا رہے گا -ان شااللہ اپنے علاقوں میں واپس جا کر یہ طالبات اپنے حلقوں اور مدارس کو قرآن کی تعلیمات سے منور کرتی ہیں -اور دائمی صدقہ جاریہ بن جاتی ہیں –

ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ قرآن مجید کو سمجھ کر پڑھنا باعث ثواب ہی نہیں ، باعث نجات بھی ہے- وہ والدین خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے ماہ مبارک میں اپنی بیٹیوں کے سینے قرآن کے علم سے منور کرنے کے لیے دورہ تفسیر میں شرکت کرواء – اس تقریب کے آخر میں دورہ تفسیر مکمل کرنے پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کو انعامات اور تحائف دئیے گئے –

دورہ تفسیر مکمل کرنے والی طالبات نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بہترین مہمان نوازی اور سہل ومثر ترین انداز میں قرآن کی تفسیر سمجھانے پر مدرسین اور منتظمین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا-افطار ڈنر میں ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر زبیدہ جبیں ، مرکزی ذمہ داران نائلہ تجمل حسین ،میمونہ اصغر ،ظفر جہاں ،سعدیہ ، اسیہ لیاقت اور شعبہ نشرواشاعت سے صفیہ ناصر،شازیہ محمود بھی موجود تھیں  ۔