فلسطینی عوام سے یکجہتی کے لئے تصویری نمائش کا افتتاح


 اسلام آباد (صباح نیوز) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور اسلام آباد آرٹس گیلری ایف نائن پارک کے تعاون سے تین روزہ ڈیزائن فار فلسطین ورکشاپ کے اختتام پر تصویری نمائش کا افتتاح معروف آرٹسٹ جمال شاہ اور فلسطینی نائب سفیر  نادر اتاترک، ڈاکٹر صابر ابو مریم جماعت اسلامی کے رہنما  لیاقت بلوچ،علامہ احمد اقبال،مفتی گلزار نعیمی دیگر نے کیا۔

تین روزہ ڈیزائن فار فلسطین ورکشاپ میں متعدد جامعات سے  طلبا و طالبات نے شرکت کی اور فلسطین کی مظلومیت اورغاصب صیہونی حکومت کے ظلم کو اجاگر کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کے لئے فن ایک بہترین ذریعہ ہے۔  فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے اور اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے۔ یہی قائد اعظم محمد علی جناح کا پیغام اور نظریہ پاکستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری فلسطین میں نسل کشی بند کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کرے۔ اس موقع پر امریکی جامعات میں طلبا کے فلسطین کی حمایت میں جاری مظاہروں کی حمایت کی گئی اور ورکشاپ کے شرکا کو اعزازی شیلڈز اور سرٹیفکیٹ بھی دیئے گئے۔