پاکستان میں دہشت گردی افغانستان کی وجہ سے ہے۔خواجہ آصف

(صباح نیوز)وزیر دفاع خواجہ محمدآصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی افغانستان کی وجہ سے ہے، اسلام آباد کی کوششوں کے باوجود کابل اس ضمن میں کوئی پیش رفت نہیں کر رہا۔سوشل میڈیا ایکس(ٹوئٹر) پر اپنے اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردی کے پیش نظر بارڈر کی صورتحال میں بنیادی تبدیلی کی ضرورت ہے، دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا علم ہونے کے باوجود وہ پاکستان کے خلاف آپریٹ ہو رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پاک ۔ افغان سرحد ساری دنیا کی روایتی سرحدوں سے مختلف ہے، پاکستان کو موجودہ حالات کے پیش نظر بارڈر پر تمام عالمی قوانین نافذ کرنے ہوں گے۔واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان کی جانب سے افغانستان میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر حملے کے چند دن بعد وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ اسلام آباد پڑوسی ملک کے ساتھ مسلح تصادم نہیں چاہتا ہے۔وائس آف امریکا کو انٹرویو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ طاقت کا استعمال آخری حربہ ہے، ہم افغانستان کے ساتھ کوئی مسلح تصادم نہیں چاہتے ہیں۔