پاکستان بہت جلد خطے کا ٹیک حب بن کر ابھرے گا،مسعود خان


 واشنگٹن (صباح نیوز)امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیک انڈسٹری میں گذشتہ چند سالوں کے دوران غیر معمولی ترقی دیکھنے میں آئی ہے  اور پاکستانی آئی ٹی مصنوعات اور سروسز امریکہ اور دنیا کے دیگر حصوں میں اپنا راستہ بنا رہی ہیں، امریکی سرمایہ کار پاکستانی ٹیک سٹارٹ اپس کی مالی معاونت کر رہے ہیں اور ہمارے نوجوان اپنی ٹیکنالوجی کی صلاحیتوں کی بدولت عالمی مارکیٹ میں اپنی مخصوص شناخت بنا رہے ہیں، ہم خطے کے ٹیک ایکو سسٹم کا ایک لازمی حصہ بن چکے ہیں اور مستقبل قریب میں اس خطے کا ٹیک حب بننے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان مسعود خان نے تیس سے زائد معروف ٹیک سٹارٹ اپ کمپنیوں کے سی ای اوز اور بانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستانی امریکیوں کی ان کمپنیوں کی ملکیت لاکھوں ڈالر ہے اور یہ مختلف شعبہ جات  بشمول  سائبر سکیورٹی، آئی ٹی، ہیلتھ کئیر ، تعلیم  اور دیگر شعبوں میں ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سلوشن فراہم کر رہی ہیں۔ ملاقات میں موجود کمپنیوں میں برشنا، امریکن انسٹی ٹیوٹ آف آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈنگ مین سنٹر اینجلز، کیپیٹل ٹیکنالوجیز، سنیپ ریٹیل، ایکسینچر، کیپیٹل ون، بیج ایجوکیشن، ان باکس ٹیکنالوجیز، آئیو سینٹرکس، نرس نیکسٹ ڈور، ٹیچ دا ورلڈ فائونڈیشن، زگرون، جیپیٹو، ایکسٹریم لیب وغیرہ جیسی کمپنیاں شامل تھیں۔  انٹرپرینورز کو حمایت فراہم کرنے والے معروف  پلیٹ فارم پاک لانچ کے بانی علی فہد بھی ملاقات میں موجود تھے۔ پاک لانچ کا منصب العین 20230تک پاکستان کو دنیا کے ٹاپ ٹین ایکو سسٹم میں شامل کرانا ہے ۔ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو پاکستانی کاروباری اور سرمایہ کاری کے ماحولیاتی نظام میں ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی کاوش کر رہا ہے اور پاکستانیوں کے کارناموں اور کامیابیوں کو اجاگر کرنے میں کوشاں ہے۔ یہ پاکستانی کاروباری شخصیات کو مشاورت  اور تربیت  فراہم  کرتا ہے۔ علاوہ ازیں کاروبار کے لئے مالی وسائل ، نیٹ ورکنگ اور دیگر سہولیات بھی فراہم کرتا ہے۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے علی فہد نے بتایا کہ انہوں  نے اپریل 2020 میں محض  سات   اراکین کے ساتھ  واٹس ایپ گروپ پر پاک لانچ کا باقاعدہ آغاز کیا تھا۔ اب یہ پلیٹ فارم  350000 اراکین کی ایک کمیونٹی بن چکا ہے جس میں سرمایہ کاروں، پیشہ ور افراد اور سٹارٹ اپ کی عالمی برادری شامل ہے۔ پلیٹ فارم نے اب تک 90 سٹارٹ اپس کی مدد کی ہے اور 90 ملین ڈالر سے زیادہ جمع کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک لانچ  ستمبر 2024 میں سان فرانسسکو میں ایک کانفرنس کا انعقاد کرے گا  جہاں وہ 50 پاکستانی  کاروبار کو سو سرمایہ کاروں سے جوڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں کاروبار کو فروغ دینے کے لیے مشہور امریکی بزنس ٹیلی ویژن سیریز شارک ٹینک کی طرح ایک ٹیلی ویژن شو شروع کرنے کا بھی منصوبہ بنا ر ہے ہیں ۔اس موقع پر موجود مختلف کمپنیوں کے سی ای اوز اور بانیوں نے بھی اپنے تجربات سے  شرکا ء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بہتر نیٹ ورکنگ، تجربات شیئر کرنے اور پاکستانی امریکیوں کی کمپنیوں کی رسائی کو وسیع کرنے کے لئے ان کو ایک چھت کے نیچے لانے کے سفیر پاکستان کے   اقدام کو سراہا۔پاک لانچ کو ایک اہم اور نتیجہ خیز اقدام قرار دیتے ہوئے سفیر  پاکستان  مسعود خان نے علی فہد کی کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ علی فہد نے کس معاونت کے بغیر اپنے پلیٹ فارم کو شروع کیا اور اسے ایک طاقت بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح  اس اقدام نے پاکستان میں ٹیک سٹارٹ اپس کو سپورٹ کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے اس سے ہمارا اعتماد بڑھا ہے۔ملاقات کے دوران مسعود خان نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے جس میں بہت بڑا انسانی سرمایہ موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل روشن ہے۔ سفیر پاکستان نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کاری کونسل  کے اہم کردار کو بھی خاص طور پر اجاگر کیا جو مختلف شعبوں خصوصاً آئی ٹی، زراعت، توانائی اور معدنیات میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے کام کر رہی ہے ۔میٹنگ کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پاکستانی سفارتخانہ پاک-امریکی تاجروں اور ٹیک کمپنیوں کو پاکستان میں متعلقہ وزارتوں اور محکموں سے جوڑنے کا کام کرے گا۔ٹیک کمپنیوں کے سی ای اوز اور بانیوں پر زور دیتے ہوئے کہ وہ پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کریں۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے ان کو پاکستان کے سفارت خانے کی طرف سے ہر ممکن سہولت  کاری  اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔