آزاد ارکان قومی اسمبلی کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت تسلیم

اسلام آباد (صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے آزاد ارکان قومی اسمبلی کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کو تسلیم کرلیا، الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو پارٹی پوزیشن سے آگاہ کردیا۔دستاویز کے مطابق سنی اتحاد کونسل میں 82 آزاد ایم این ایز شامل ہوئے، پنجاب سے49 ارکان سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے، جبکہ خیبرپختونخوا سے 33ارکان سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم لیگ ن قومی اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل دوسرے اور پیپلز پارٹی قومی اسمبلی میں تیسرے نمبر پر ہے۔دستاویز کے مطابق سنی اتحاد کونسل کو کوئی مخصوص نشست نہیں دی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد 120 ہوگئی ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل ارکان کی تعداد 82 ہوگئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پیپلز پارٹی کی قومی اسمبلی میں نشستوں کی تعداد 71 ہوگئی جبکہ آزاد ارکان کی تعداد 7 ہے۔قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کی 21، جے یو آئی کی 11 اور مسلم لیگ(ق) کی 5 نشستیں ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کی 4، ایم ڈبلیو ایم، مسلم لیگ ضیا، بلوچستان عوامی پارٹی کی ایک ایک نشست ہے۔بلوچستان نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کی بھی ایک ایک نشست ہے۔