امریکی پابندیوں کی پرواہ نہیں، وہ کریں گے جو قومی مفاد میں ہوگا، وزیر خارجہ اسحاق ڈار

اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان مکمل ہونے پر جاری مشترکہ اعلامیہ میں پاک ایران گیس پائپ لائن کا ذکر نہ ہونا کوئی بڑا مسئلہ نہیں۔ ایران کے ساتھ تجارت کے حوالے سے قوانین کو مدنظر رکھیں گے۔پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امریکی پابندیوں کی پرواہ نہیں ہے، ہم وہ کریں گے جو قومی مفاد میں ہوگا، امریکی رپورٹ پر ہم نے بہترین اور مفصل جواب دیا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان سے متعلق اپوزیشن کو اعتماد میں لیں گے ،وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پیر کو سینیٹ اجلاس ہے، پارلیمان اور اپوزیشن کو اس معاملے پر اعتماد میں لیں گے۔

اسحاق ڈار نے کہاکہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان اہم تھا، اس حوالے سے چھپانے والی کوئی بات نہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اگر کشیدگی کم نہ ہوتی تو ایرانی صدر کیوں پاکستان آتے؟۔اسحاق ڈار نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ہفتہ کو دورہ سعودی عرب پر جاوں گا۔اس سوال پر کہ پاک ایران گیس پائپ لائن کا ایرانی صدر کے دورے کے مشترکہ اعلامیہ میں ذکر نہیں تھا ، وزیر خارجہ نے جواب دیا کہ جو بات  قومی مفاد میں ہوئی وہ ہوگی، مشترکہ اعلامیے میں کشمیر اور اسرائیل کا ذکر تو تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ تجارت کے حوالے سے قوانین کو مدنظر رکھیں گے اور اپنے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔