لاہور ہائیکورٹ کے 7 ججز کو انتظامی ذمہ داریاں تفویض ،نوٹیفکیشن جاری


لاہور(صباح نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے 7 ججز کو انتظامی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئیں جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان کو کیس مینجمنٹ پلان، ضلعی عدلیہ، ہائیکورٹ اسٹیبلشمنٹ سمیت 11 انتظامی اختیارات تفویض کر دیئے گئے، جسٹس شجاعت علی خان کو سپریم کورٹ کیلئے وکلا کے فٹنس سرٹیفکیٹ، ٹرانسپورٹ سمیت 8 انتظامی اختیارات تفویض کئے گئے ۔جسٹس علی باقر نجفی کے پاس ضلعی عدلیہ کا آڈٹ، سپریم کورٹ کیلئے وکلا کے فٹنس سرٹیفکیٹ سمیت 4 انتظامی اختیارات ہوں گے، جسٹس شاہد بلال حسن کو لاہور ہائیکورٹ کا آڈٹ، تعمیرات سمیت 4 انتظامی اختیارات سونپے گئے ہیں۔جسٹس محترمہ عالیہ نیلم کو شعبہ آئی ٹی، اکائونٹس سمیت 5 انتظامی اختیارات تفویض کئے گئے ہیں جبکہ جسٹس عابد عزیز شیخ کے پاس سکیورٹی، ضلعی انتظامیہ سے آئے توہین عدالت کے کیسز سمیت 8 انتظامی اختیارات ہوں گے۔اسی طرح جسٹس صداقت علی خان ریکارڈ، انتظامی ججز کی مانیٹرنگ سمیت 5 انتظامی اختیارات کے حامل ہوں گے۔