190 ملین پاؤنڈ ریفرنس ،ملک ریاض اور بیٹے کے اثاثوں کی بحالی کے معاملے پر نیب سے رپورٹ طلب

اسلام آباد (صباح نیوز)190 ملین پاؤنڈکے القادر ٹرسٹ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور ان کے صاحبزادے علی ریاض کے منجمد اثاثوں کی بحالی کے معاملے پر قومی احتساب بیورو(نیب)سے رپورٹ طلب کرلی۔ ملک ریاض اور علی ریاض کے وکیل فاروق ایچ نائیک احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت فاروق ایچ نائیک نے موقف اختیار کیا کہ منجمد اثاثوں میں سکول بھی شامل ہیں جو ملک ریاض وغیرہ کی ذاتی ملکیت نہیں ہیں۔جج نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ اس معاملے میں آپ کیا کہیں گے؟ جواب میں نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جو ٹیم 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کی پیروی کر رہی ہے وہ آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کردے گی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب سے رپورٹ، دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 4 اپریل تک ملتوی کردی۔