اسلام آباد (صباح نیوز) سپریم کورٹ نے ڈاکٹر کو قتل کرنے والے ملزم عاطف نظامی کی عمر قید کی سزا کیخلاف دائر اپیل ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرلی ۔ پیر کو جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ڈاکٹر کو قتل کرنے والے ملزم عاطف نظامی کی عمر قید کی سزا کیخلاف دائر اپیل پر سماعت کی ۔
دوران سماعت جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل کورٹ نے کس بنیاد پر ملزم کو عمر قید کی سزا سنائی، ٹرائل کورٹ کے مطابق قاتل نوجوان ہے اس لئے کم سزا دی گئی، ٹرائل کورٹ اور ہائیکورٹ نے سزائے موت نہ دینے کی وجوہات نہیں لکھیں ،قانون میں کہاں لکھا ہے کہ دہشتگرد نوجوان ہو تو سزا کم دینی چاہیے، فرد جرم میں قتل کی ایک وجہ مذہبی منافرت بھی ہے،ریکارڈ کے مطابق ملزم کئی دیگر مقدمات میں بھی ملوث تھا،میری ذاتی رائے ہے کہ سزا میں اضافے کا نوٹس ہونا چاہیے۔
اس دوران ملزم عاطف نظامی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا تو موقف ہے کہ میرے موکل کیخلاف کیس بنتا ہی نہیں تھا۔ عدالت عظمی نے عمر قید کی سزا کیخلاف ملزم عاطف نظامی کی جانب سے دائر اپیل ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر تے ہوئے معاملہ پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔