کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ معاشی گیم چینجر اورمستقبل کا دبئی،سنگاپور قراردیا گیا شہر گوادر حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ڈوب جانے اور معمول کی زندگی مفلوج ہونے سے حکمرانوں کی تمام ترقیاتی دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد گوادر شہر سے پانی نکالا جائے اور متاثرہ شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کرنے کے ساتھ مستقبل کی بنیادوں پر موثر منصوبہ بندی کرنے کی اشد ضرورت ہے۔صوبائی رہنما نے ایک بیان میں مزید کہا کہ گذشتہ 15 سالوں سے وفاقی اور صوبائی حکومتیں گوادر کی ترقی کے بڑے بلند بانگ دعوے کرتے رہے لیکن عملی طور پر حالیہ 14 گھنٹوں کی بارش نے ان کے تمام منصوبہ بندی اور دعووں کو جھوٹاثابت کردیا ہے۔
بلوچستان کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک ہی کچھ لوگوں کو باغی اور پہاڑوں پر جانے کیلئے مجبور کرتا ہے ،ڈیرہ بگٹی سے نکلنے والا گیس ملک بھر کے چولھے اور فیکٹریوں کو چلاتا ہے لیکن آج بھی سوئی اور ڈیرہ بگٹی کے بلوچ لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں جبکہ یہی حال گوادر کا ہے،گوادر کے نام پر پورا ملک ترقی کررہا ہے لیکن گوادر شہر آج بھی صحت، تعلیم،صاف پانی سمیت تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ عدل اور انصاف کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔بلوچستان کا صوبہ قیمتی قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود آج بھی غربت، افلاس اور محرومیوں کی عملی تصویر بنا ہوا ہے۔حکمرانوں اور مقتدر قوتوں کے انہی رویوں کی وجہ سے پہلے بھی ملک دولخت ہوا تھا اب بھی باقی ماندہ ملک کو بچانے کیلئے رویوں میں تبدیلی نہ کی گئی تو ہمارے پاس سوائے ہاتھ ملنے کے اور کوئی چارہ نہیں ہوگا۔دریں اثنا کاشف شیخ نے محکمہ موسمیات کی جانب سے جمعے سے سندھ میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کے حوالے سے سندھ حکومت سے موثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مالی اور جانی نقصانات سے بچاجاسکے۔