کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کی خیبر پختونخوا کمیٹی کا اجلاس

پشاور(صباح نیوز) کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرزکی خیبر پختونخوا کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز پشاور میں نائب صدر کے پی اور چیئرمین خیبر پختونخوا کمیٹی طاہر فاروق کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اخبارات، صحافیوں اور ایڈیٹرز کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ممبران کو صوبائی حکومت کی طرف سالہا سال سے واجب الادا بقایا جات کی وصولی کے سلسلے میں پشاور ہائی کورٹ میں زیر سماعت کیس پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز نے روزنامہ”سرخاب”پشاور اور دیگر اخبارات کے ڈیکلریشن منسوخ کیے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور ایک قرارداد کے ذریعے  مطالبہ کیا کہ منسوخ شدہ اخبارات کے ڈیکلریشن بحال کیے جائیں۔ علاقائی اخبارات عامل صحافیوں اور دیگر کارکنوں کا ذریعہ معاش ہیں۔صوبائی محکمہ اطلاعات علاقائی اخبارات کو درپیش سنگین مشکلات اور مسائل کو ہنگامی طور پر حل کرے۔ اس وقت خیبر پختونخوا شدید مالی مسائل کا شکار ہے ۔ بیروزگاری اور مہنگائی عرو ج پر ہے ایسے میں اخبارات کی بندش سے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ قرارداد میں صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ سالہا سال سے اخبارات کے واجب الادا بقایا جات کی ادائیگی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ بقایا جات کی عدم وصولی کی شکل میں اخبارات کے لاک آئوٹ کا خطرہ سنگین شکل اختیار کرتا جارہا ہے جس توجہ نہ دی گئی تو ریاست کے چوتھے ستون پریس کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

قرارداد میں پنجاب، بلوچستان اور سندھ کی طرزپر ہر ماہ خیبر پختونخوا میں بھی اشتہارات کی ادائیگی کا نظام وضعکرنے کا مطالبہ کیا گیا۔اجلاس میں طاہر فاروق(روزنامہ جہاد/اتحاد)،مسعود خان( روزنامہ ریاست)، جمشید باغبان(روزنامہ ایکسپریس)، امجد عزیز ملک (روزنامہ کسوٹی)، اشرف ڈار(روزنامہ عوام الناس)،تنویر صدیقی (روزنامہ آج)، لیاقت یوسفزئی(روزنامہ سرخاب)، ظاہر شاہ شیرازی،  وزیر زادہ خان(روزنامہ انتباہ)، فضل حق(ڈیلی ٹائمز)  سید اعتزاز حسین شاہ (روزنامہ میدان)،نجیب اللہ نوین(روزنامہ ھیواد)،جاوید آفریدی(روزنامہ پیام خیبر)،تصور شاہ،  نعمان ثنا اللہ،  سلمان ثنا اللہ(روزنامہ فرنٹئیرا سٹار) اورسید قیصر رضوی(روزنامہ جدت) سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔