پختونخوا اسمبلی، سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم اسپیکر، ثریا بی بی ڈپٹی اسپیکر منتخب، حلف اٹھا لیا

پشاور(صباح نیوز)پختونخوا اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل مکمل ہوگیا، جس میں خفیہ رائے شماری کے بعد سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم اسپیکر اور ثریا بی بی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہو گئے۔ سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی نے 89 ووٹ لیے جبکہ ان کے مقابل اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار احسان اللہ میاں خیل نے 17 ووٹ لیے۔نو منتخب اسپیکر خیبرپختونخوا بابر سلیم سواتی نے اسپیکر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

نومنتخب سپیکر بابر سلیم سواتی سے مشتاق غنی نے حلف لیا۔ بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر کے لیے رائے شماری ہوئی اور ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد سنی اتحاد کونسل کی امیدوار ثریا بی بی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہو گئیں۔ انہوں نے 87 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مقابل پی ٹی آئی پی کے امیدوار ارباب وسیم خان نے 19 ووٹ حاصل کیے۔ ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی سے سپیکر بابر سلیم سواتی نے حلف لیا۔

پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے مسلم لیگ ن کی جانب سے ڈاکٹر عباد اللہ کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ کے منصب کے لیے انتخاب آج (جمعہ کو)ہوگا، اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ علی ا مین گنڈاپور آزاد حیثیت سے وزیراعلی کا انتخاب لڑیں گے۔صوبائی اسمبلی میں اراکین کی تعداد 118ہو گئی ہے، جس میں سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی تعداد 87جبکہ 6ارکان آزاد حیثیت سے اسمبلی میں موجود ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کی تعداد 25ہے۔