پشاور(صباح نیوز)پی ٹی آئی کے ایک نمائندہ وفد نے سابق وزیر خزانہ تیمور خان جھگڑا اور سابق ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی محمود جان کی قیادت میں جماعت اسلامی کے صوبائی مرکز المرکز الاسلامی پشاور میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سابق ممبر قومی اسمبلی صابر حسین اعوان اور سابق صوبائی وزرا حافظ حشمت خان اور کاشف اعظم سے ملاقات کی اور انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف جماعت اسلامی کی حمایت حاصل کرنے کی استدعا کی۔
اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات سید جماعت علی شاہ اور مختلف علاقوں سے پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار بھی موجود تھے۔ جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان اور حافظ نعیم الرحمن کا جو موقف ہے وہی موقف جماعت اسلامی پشاور کا بھی ہے۔ ہم الیکشن میں دھاندلی کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ جس طرح یہاں دھندلی کی انتہا ہوچکی ہے تو ہم میرٹ اور حق کے ساتھ ہیں اور جماعت اسلامی ہر معاملے میں ان کی سیاسی اور جہاں بھی ان کو ضرورت ہو ہم ان شا اللہ تعالی میرٹ اور حق کا ساتھ دینگے ۔ اس معاملے میں ان کے ساتھ جو زیادتی ہوئی ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔۔