دبئی (صباح نیوز) معروف بھارتی اداکار شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر بھارتی فلم نگری کے بادشاہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے متحدہ عرب امارات میں موجود بلند ترین عمارت برج خلیفہ کو روشن کردیا گیا۔اماراتی کاروباری شخصیت محمد الابار نے ٹوئٹر پر شاہ رخ خان کی سالگرہ پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے روشن برج خلیفہ کی ویڈیو شیئر کی ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘شاہ رخ خان کو نون فیملی کی طرف سے سالگرہ مبارک ہو’۔
معمر رانا کی شاہ رخ خان کیساتھ تصویر وائرل
پاکستانی فلم اسٹار معمر رانا نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی اور اپنی یادگار تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔معمر رانا نے شاہ رخ خان کی 56ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں مبارکباد دینے کیلئے اپنے انسٹاگرام اکانٹ کا رخ کیا۔اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکانٹ پر ماضی کی یادگار تصویر شیئر کی جس میں ان کے ہمراہ بالی ووڈ کِنگ شاہ رخ خان بھی موجود ہیں۔انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر اس وقت کی ہے کہ جب معمر رانا نے بھارت کا دورہ کیا تھا اور وہاں بالی ووڈ کِنگ سے ملاقات کی تھی۔معمر رانا نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں شاہ رخ خان سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ‘رومانوی بادشادہ کو سالگرہ مبارک ہو’۔انہوں نے مزید لکھا کہ ‘میرے بھائی، ہمیشہ خوش رہیں’۔
محبت کا دوسرا نام شاہ رخ خان ہیں، عالیہ بھٹ
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے کنگ خان کی سالگرہ کے موقع پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محبت کا دوسرا نام شاہ رخ خان ہیں۔عالیہ بھٹ نے انسٹا گرام پر بالی ووڈ نگری کی بادشاہ کی ایک مونوکروم فوٹو شیئر کرتے ہوئے انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی ہے۔انہوں نے اپنی انسٹا پوسٹ میں لکھا کہ ‘ ان کے پسندیدہ شخص جوکہ نا صرف سینما بلکہ تمام تر اچھائیوں کے بادشاہ ہیں، انہیں سالگرہ مبارک ہو’ ۔عالیہ بھٹ نے مزید لکھا کہ ‘ محبت اس دنیا کی سب سے بڑی چیز ہے اور شاہ رخ خان ‘محبت’ ہیں’۔آخر میں عالیہ بھٹ نے شاہ رخ خان کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
جوہی چاولہ کا شاہ رخ خان کی سالگرہ پر 500 درخت لگانے کا عہد
بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خا ن کی ساتھی اداکارہ جوہی چاولہ نے اداکارکی سالگرہ کے موقع پر عہد کیا ہے کہ وہ اپنے دوست کیلئے 500 درخت لگائیں گی۔جوہی چاولہ نے انسٹا گرام پر اپنے دوست اور اداکار شاہ رخ خان کو سالگرہ کی مبارکباد دینے کیلئے پرانی یادگار تصاویر پر مبنی ایک ویڈیو کلپ اور فوٹو کولاج شیئر کیا ہے۔انہوں نے اپنی اس پوسٹ میں شاہ رخ خان کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے عہد کیا ہے کہ وہ اپنی پوری فیملی کی طرف سے شاہ رخ خان کیلئے 500 درخت لگائیں گی۔ واضح رہے کہ یہ شاہ رخ خان کیلئے پہلا تحفہ نہیں ہے جو کہ انہیں اداکارہ جوہی چاولہ کی طرف سے ملا ہے۔دونوں اداکاروں کے درمیان اس وقت سے ہی دوستی کا گہرا تعلق ہے جب سے انہوں نے فلموں میں ایک ساتھ کام کرنا شروع کیا۔
شاہ رخ خان سے پہلی ملاقات کرن ارجن کے سیٹ پر ملا ،کرن جوہر
شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر ان کے قریبی دوست اور بھارتی فلم ساز کرن جوہر کو اداکار سے ہونے والی اپنی پہلی ملاقات یاد آگئی۔کرن جوہر نے انسٹا گرام پر شاہ رخ خان کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اداکار سے کب اور کہاں ملے تھے۔انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی چند پرانی یاد گار تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ‘ وہ شاہ رخ خان سے فلم کرن ارجن کے سیٹ پر ملے تھے’۔انہوں نے لکھا کہ ‘وہ وہاں اپنے والد اور اداکارہ کاجول کے ساتھ گھومنے پھرنے کیلئے گئے تھے’۔انہوں نے لکھا کہ ‘ انہیں تب احساس نہیں تھا کہ وہ ایک ایسے شخص سے ملنے جا رہے ہیں جوان کی زندگی، کیریئر اور شخصیت کو بنا دے گا’۔کرن جوہر نے شاہ رخ خان کی شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ان کی شخصیت اور ذہانت عالمی سطح پر ایک مشہور حقیقت ہے’۔انہوں نے لکھا کہ ‘ انہیں شاہ رخ کی انسانیت سے محبت کے بارے میں جاننے کا بھی اعزاز حاصل ہے’۔انہوں نے بتایا کہ ‘ وہ ایک بے مثال باپ ، ایک اچھے شوہر، ایک پیار کرنے والے بھائی اور ایک نایاب دوست ہیں’۔پوسٹ کے آخر میں کرن جوہر نے شاہ رخ خان کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہاربھی کیا۔