ترازو مہنگائی اور لاقانونیت سے پریشان حال خواتین کے لیے امن اور خوش حالی کے دور کی نوید ہے، ثمینہ سعید

پشین (صباح نیوز)ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان  ثمینہ سعید نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کامیاب ہو کر نادار اور بیوہ خواتین کو ہنرمند بنائے گی تاکہ وہ باعزت روز گار کے قابل ہو سکیں -غریب امیر ہر بچے کو بہترین اعلی تعلیم حکومت کے خرچ پر دی جائے گی – جماعت اسلامی برسر اقتدار آکر نوجوانوں کو تعلیم مکمل ہونے پر با عزت روزگار کی سہولت دے گی-  ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین کے دورے کے دوران مختلف مقامات پر کارنر میٹنگز میں خطاب کے دوران کیا –

ثمینہ سعید نے کہا کہ سابقہ دور حکومتوں میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوئی پیش رفت نہیں کی گئیاور اب دوبارہ جھوٹے وعدے کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، لیکن اب ملک کی خواتین باخبر اور نوجوان بیدار ہوچکے ہیں- حکمران اشرافیہ ایکسپوز ہوگئی، 8فروری کو عوام ووٹ کے درست استعمال سے ان کا سیاسی مستقبل ختم کردیں گے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی عوام کی خدمت کی، ہزاروں یتیم بچوں کی کفالت کر رہے ہیں، سیلاب متاثرین میں کروڑوں کی مدد تقسیم کی، غزہ کے لیے ایک ارب چالیس کروڑ کے فنڈز جمع کر کے فلسطینی قیادت کو پہنچائے، کامیاب ہو کر کشمیریوں اور اہل فلسطین کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑیں گے، ان شااللہ  مسجد اقصی کو آزاد کرائیں گے ،ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید نے دورہ پشین  کے دوران  NA265 میں  مختلف دیہاتوں کا دورہ کیا اور متعدد  کارنر میٹنگز سے خطاب کیا ۔