کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ جماعت اسلامی حق دوتحریک کے احتجاج ودھرنے کی مکمل حمایت کرتی ہے حقوق کے حصول کیلئے تمام سیاسی قوتیں حق دوتحریک کاساتھ دیں ۔حکومتی بے حسی غفلت وکوتاہی کی وجہ سے صوبے کے دوردرازعلاقے ترقی وخوشحالی کیلئے ترس رہے ہیں کرپشن وکمیشن کی وجہ سے کوئی ترقیاتی منصوبہ بروقت مکمل ہوتاہے نہ معیاری ہوتاہے۔ بدقسمتی سے حکمرانوں قول وفعل میں تضاد ہیں اوران کی تقریریں وبیانات ہوا میں تحلیل ہوجاتی ہیں۔حکمران بلوچستان کے گھمبیر ،سلگتے دیرینہ اجتماعی مسائل فوری حل کریں ۔ کرپشن وکمیشن کابازارگرم عوام کے حقوق کا پوچھنے والا کوئی نہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ وفاق اور بلوچستان حکومت منتخب نمائندوںکا فرض ہے کہ بلوچستان کے سلگتے دیرینہ اجتماعی مسائل کے حل کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کریںاور بلوچستان کے مظلوم عوام کولولی پاپ ،خالی خولی بیانات وبے عمل اعلانات کے حوالے نہ کریں۔منتخب نمائندوں کو جب بھی اقتدار کی کرسی وزارت وحکومت مل جاتی ہیں تووہ عوام کو بھول جاتی ہیں۔ موجودہ اور سابق حکومتوں اورمخلوط حکومت کی نااہلی و ناقص کارکردگی،بدعنوانی اور باہمی چپقلش کے باعث پہلے بھی بلوچستان کے عوام تباہ و برباد ہو گیے اب بھی عوام کاکوئی پرسان حال نہیں ۔بلوچستان کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ، پینے کے پانی کی قلت ، بڑے شہروں میں ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی ،شاہراہوں کی ناقص صورتحال، صحت ،تعلیم، صفائی ستھرائی،ٹریفک کے ناقص انتظامات اور سڑکوں کی خستہ حالی سمیت دیگر مسائل نے عوام کو ہرطرف سے گھیرا ہوا ہے ۔ بلوچستان میں سب سے بڑامسئلہ کرپشن وکمیشن مافیا ہے یا مافیا ہر حکومت میں مالامال جبکہ عوام پریشان ومسائل کا شکار ہیں ۔ ہرنائی سے نوجوانوں قبائلی عمائدین سیاسی ورکرزکا مسائل کے حل ،حکمرانوں کی توجہ ہرنائی کے سلگتے مسائل وپریشانیوں کی طرف مبذو ل کرانے کیلئے ہرنائی سے کوئٹہ پیدل لانگ مارچ خوش آئند ہے حکمران ہرنائی کے مسائل کو حل کرنے پر فوری توجہ دیں ۔