امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے این اے 149 ملتان سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے

ملتان(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے این اے 149 سے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے۔امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے این اے 149 سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا اور کارکنان سے گفتگو میں کہا کہ  اہل ملتان  قومی دولت لوٹنے والوں کی بجائے کورونا ، سیلاب اور دیگر مصیبت کی گھڑی میں قوم کے ساتھ کھڑے ہونے والوں کا ساتھ دیں۔ اس وقت ملکی و شہری مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہے۔  ہم سمجھتے ہیں اس وقت اہلیان ملتان شہر پر عرصہ سے قابض خاندانوں سے پریشان ہیں ان خاندانوں نے اپنی جائیدادوں میں اضافہ کیا جبکہ شہر کی سڑکیں تباہ، سیوریج تباہ، پارکس تباہ، تعلیم اور صحت کا نظام برباد اور شہریوں کو صاف پانی میسر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 8 فروری جماعت اسلامی اور ترازو کی جیت کا دن ہوگا۔ ملتان میں 6 قومی اور 12 صوبائی نشستوں پر ترازو کے نشان کے ساتھ امیدوار موجود ہیں۔ جو پاکستان اور اہل ملتان کی خدمت کے عزم کے ساتھ میدان میں نکلے ہیں ۔ اس موقع پر حافظ اسلم،امیدوار صوبائی اسمبلی پی پی 216, انجینئر عاطف عمران امیدوار این اے 148,حسان اخوانی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کا اتحاد عوام کے ساتھ ہوا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کیا جائے۔ ہم سمجھتے ہیں الیکشن کمیشن کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ شفاف آزادانہ و منصفانہ الیکشن کروائے یہ اس کی آئینی ذمہ داری ہے۔ جماعت اسلامی نے اہل ملتان کے سامنے ترازو کے نشان پر بہترین امیدوار پیش کردیے ہیں جو ان کی ووٹ کی طاقت سے منتخب ہوکر عوام کی خدمت کریں گے۔