جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی سیاسی پارٹی عوام کے حقوق کے لیے بات نہیں کررہی.محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ کہ اس وقت جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی سیاسی پارٹی عوام کے حقوق کے لیے بات نہیں کررہی۔ ملک میں بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے اور وہ تبدیلی صرف جماعت لاسکتی ہے اس کے لیے کہ ہمارے پاس منظم تنظیم اور مخلص ٹیم موجود ہے جس کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے۔ ملک میں فارم 47 کے زریعے بدترین حکومت اور گورننس کو قائم کیا گیا ہے،ان ظالموں سے خیر کی توقع نہیں، عوام کو ان سے اپنا حق چھینا پڑے گا۔ اب قوم ان کی ڈنگ ٹپاو پالیسیوں پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکمران اتحادی جماعتیں ملک کو بند گلی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔ آئین سے متصادم اقدامات اور ذاتی مفادات کی خاطر پارلیمنٹ کا استعمال قابل مذمت ہے۔ فارم 47کی جعلی حکومت ملک و قوم پر بھاری ہو چکی ہے۔ بد قسمتی سے پی ڈی ایم ٹو کی حکومت کے پاس بھی کسی قسم کا کوئی معاشی ایجنڈا نہیں ہے،عوام کو ریلیف کے نام پر لالی پاپ دیا جا رہا ہے، کچن کینبٹ کے فیصلے اشرافیہ کے مفادات کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ 25کروڑ عوام کی کسی کو کوئی فکر نہیں۔ ہر ادارے میں اور شعبہ میں کرپشن کی انتہا ہو چکی ہے،جب تک حکومت اداروں کے اندر سے کالی بھیڑوں کو نہیں نکالے گی اور چور راستوں کو بند نہیں کرے گی اس وقت تک اداروں کو درپیش مسائل، خسارے اور کرپشن کا قلع قمع ممکن نہیں۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے۔ ملکی معیشت کا ستیاناس ہو چکا ہے۔ ملک چوروں، لیٹروں اور کرپٹ افراد کی جنت بن چکا ہے۔مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی جو بھی بر سرا قتدار آیا اس نے مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ عوام بنیادی حقوق کے لیے ترس رہے ہیں، ہم ذاتی فائدے کے لیے نہیں بلکہ حق کے غلبے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ظلم کے اس نظام کے خلاف امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں