لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدراور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے جمعہ کو لاہور میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں تجارت، تعلیم، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی شراکت داری بہت اہم ہے، آسٹریلیا کے تعاون کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔آسٹریلوی ہائی کمشنر دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔