(پیغام لکھا گیا تو وزڈم ہاؤس سٹاف کے لئے ہے،تاہم سب ہی اساتذہ کے لئے یکساں مفید ہے)
سلام ٹیچرز ڈے(ہفتہ5 اکتوبر) پر میں وزڈم ہاؤس سے وابستہ تمام تعلیمی سٹاف کو مبارک باد دینا چاہتا ہوں۔ آپکی کوششیں نہ صرف وزڈم ہاؤس کی عزت اور وقار میں اضافے کا باعث ہیں بلکہ اس پورے علاقے میں علم و اخلاق کا نور پھیلانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ تعلیم سے وابستہ ہم سارے لوگ مواقع کی تلاش میں رہتے ہیں تاکہ خود سیکھنے اوردوسروں کو سکھانے کا کوئی موقع ہاتھ سے چھُوٹنے نہ پائے۔ یہ ساری سانسیں اور یہ سارے لمحے جو اللہ تعالیٰ نے ہمیں تحفہ کئے ہیں ، ان لمحوں میں سینکڑوں مواقع پوشیدہ ہیں۔بالکل ایسے ہی مواقع جو ایک کسان کو موسم،بارشوں اور زرخیزی کی صورت میں فطرت فراہم کرتی ہے۔ اگر کسان ان مواقع سے فائدہ اٹھا کر سر سبز و شاداب فصلیں نہیں اُگا سکتا تو اُس سے بڑا بدقسمت بھلا اور کون ہو سکتا ہے۔
موسم اچھا، پانی وافر ، مٹی بھی زرخیز
جس نے اپنا کھیت نہ سینچا وہ کیسا دہقان
استاد بھی تو
ایک دہقان ہی ہے۔ وزڈم کی سہولیات، خوشگوار و پُر امن حالات اور طلبہ و طالبات کی صورت میں ہزاروں زرخیز دماغ ۔ پھر اگر ہم ملک و ملت کے لئے لہلہاتی فصلیں تیار نہ کر پائیں تو یہ ہماری بدقسمتی ہوگی۔
آئیے آج کے روز یہ عہد کریں کہ ہم ہر ہر سانس اور ہر ہر لمحے سے علم و اخلاق کا رس کشید کریں گے اور اپنے علاقے کی نسل نو کو لہلہاتے گل و گلزار میں تبدیل کرنے کے لئے اللہ رب العالمین کی عطا کردہ تمام صلاحیتیں اور توانائیاں اس کام پرصرف کر دیں گے۔
اس موقع پر ہم آپکو ایک ایسی خوبصورت کتاب ( اسلام اللہ کا پسند کردہ طرز زندگی ) بھی ہدیہ کر رہے ہیں جو ان شاء اللہ آپ کو مقصد زندگی متعین کرنے میں بہت مدد گار ہو گی۔
اللہ آپکا سب کا حامی و ناصر ہو۔