لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے سابق سیکریٹری جنرل ، سید ابوالاعلی مودودی کے دیرینہ ساتھی اسلم سلیمی کی نماز جنازہ منصورہ میں ادا کی گئی اور انھیں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ چودھری اسلم سلیمی نے 92سال کی عمر میں وفات پائی۔
انا للہ وانا الیہ راجعون!مرحوم کی نماز جنازہ جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں امیر جماعت کے سیاسی مشیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عثمان فاروق، شیخ القرآن مولانا عبدالمالک، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، احسان اللہ وقاص، خالد عثمان، حافظ عبدالرحمن انصاری، جسٹس (ر) عبدالحفیظ چیمہ، جمشید اقبال چیمہ، سینیٹر ظفر اقبال چودھری و جماعت اسلامی کے دیگر قائدین و کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن، نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم و دیگر قائدین نے چودھری اسلم سلیمی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے اور تحریک اسلامی کے لیے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ قائدین جماعت نے اپنے پیغام میں مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کیا ہے۔