جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے 8 فروری 2024 کے قومی انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرادئیے

پشاور(صباح نیوز) جماعت اسلامی کے رہنماں نے 8 فروری 2024 کے قومی انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرادیے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 7 دیر لوئیر 2 سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔ صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 39 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 102 سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے جبکہ صوبائی سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے مردان سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 61 سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرادیے۔ جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات سید جماعت علی شاہ کے مطابق سابق صوبائی وزیر عنایت اللہ خان نے دیر اپر پی کے 13 کے لئے کاغذات جمع کئے۔

بنوں میں پی کے 100 کے امیدوار حاجی اختر علی شاہ کے ہمراہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں ظلم پر مبنی نظام کو تبدیل کرنے کے لیے میدان میں اتری ہے۔ قوم جان چکی ہے کہ تمام لوگ آزمائے جا چکے ہیں اور کسی نے بھی ملک اور قوم کے مسائل حل کرنے کی کوشش نہیں کی، صرف جماعت اسلامی ہی مسائل حل کرسکتی ہے۔ جماعت اسلامی اسلامی اور جمہوری جماعت ہے۔ جماعت اسلامی کے امیدواروں نے مختلف اضلاع سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے