جماعت اسلامی اپنے اسلامی، فلاحی،انقلابی منشور کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی۔ ڈاکٹر حمیرا طارق

فیصل آباد (صباح نیوز)فلسطین میں جاری انسانی تاریخ کے بدترین مظالم کے خلاف حلقہ خواتین فیصل آباد کے زیر اہتمام تحیا فلسطین کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کی ۔اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے جماعت اسلامی کی پہلی کامیابی قرارداد مقاصد میں اسلامی دفعات شامل کروانا ہے جس کی وجہ سے وطن عزیز، اسلامی جمہوریہ پاکستان کہلاتا ہے۔ قائد اعظم  کی تصویر کے سامنے بیٹھ کر وزیر اعظم پاکستان قائد کے فرمان کو بھلا کر فلسطین کے دو ریاستی حل کا منصوبہ  پیش کرتے ہیں۔

ڈاکٹر حمیرا طارق نے مزید کہا کہ پاکستان اللہ کی حاکمیت اعلی کے لیے قائم ہوا ہے، نظام کی اصلاح خوف خدا رکھنے والے ہی کر سکتے ہیں۔ دنیا پر فسق و فجور کی حکمرانی کی وجہ سے آج دنیا ظلم و جور سے بھر گئی ہے۔ غزہ کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر نام نہاد مہذب دنیا خاموش تماشائی ہے۔ارض مقدس فلسطین کا دفاع صرف فلسطینیوں کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری امت پر فرض ہے۔ جماعت اسلامی امت کا درد رکھنے والی جماعت ہے اگر وطن عزیز کے حکمران اللہ سے ڈرنے والے راست رو  ہوں  تو  اسلامی و خوشحال پاکستان کی منزل دور نہیں، یہ کنوینشن اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی اور عالمی مردہ ضمیروں کو جگانے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ مغرب عورت کو حقوق  مرد بنا کر دیتا ہے لیکن اسلام عورتوں کو ماں، بہن، بیوی اور بیٹی کی حیثیت سے گھر کی ملکہ کا مقام عطا کرتا ہے۔ جماعت اسلامی خواتین کے حقوق کی سب سے موثر آواز ہے۔ عورت کی تعلیم، صحت، بلا سود تعلیمی قرضے، وراثت میں حصہ ، جماعت اسلامی کے منشور کا حصہ ہیں۔ جماعت اسلامی بلا تفریق  رنگ و نسل  و مذہب عوام کو حقوق دے گی

انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو سمجھنا ہوگا کہ ووٹ کا غلط استعمال مہنگائی کے طوفان، کرپشن اور  بیروزگاری کی صورت میں قوم کو ہی بھگتنا پڑتا ہے۔ ۔2024 انتخابات کا سال ہے، شفاف الیکشن کا انعقاد ملک و قوم کی ضرورت ہے۔ ملک میں انتخابی عمل کو دیانت داری کے ساتھ عوام کی امنگوں کے مطابق مکمل ہونا چاہیے۔ حلقہ خواتین جماعت اسلامی اپنے اسلامی، فلاحی، انقلابی منشور اور ملک گیر بھرپور انتخابی مہم کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے گی۔ ہم ملک کو بحرانوں سے نکال کر ان شااللہ اسلامی، خوشحال اور مستحکم پاکستان بنائیں گے۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے تحیا فلسطین کنونشن کے کامیاب انعقاد پر فیصل آباد کے کارکنان و ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کنونشن میں ہزاروں خواتین اور بچوں کی بھرپور شرکت فیصل آباد کے نظم اور کارکنان کی مخلصانہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ہم کامیاب کنونشن کے انعقاد پر نظم و کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی ان جذبوں کی حرارت سے فلسطینیوں کے حوصلے بلند کرے اور غاصب قوتوں کا زور توڑ دے۔ شاندار فتح و نصرت فلسطین کے مجاہدین اور غزہ کے مظلومین کا مقدر بن جائے. تحیا فلسطین کنونشن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد اپنے فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے شریک ہوئی علاوہ ازیں کنونشن کے موقع پر غزہ بازار کا بھی انعقاد کیا گیا#