پیپلزپارٹی انتخابات کیلئے تیار ہے،عوام ہمارے حق میں فیصلہ دیں گے، یوسف رضا گیلانی

ملتان (صباح نیوز)پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی انتخابات کیلئے تیار ہے۔عوام ہمارے حق میں فیصلہ دیں گے، پیپلزپارٹی ملکی مسائل حل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے،ملتان میں پریس کانفرنس بات کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی جدوجہد کا نام ہے، پیپلزپارٹی ملکی مسائل حل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم الیکشن کے لیے ہمیشہ سے ہی تیار تھے اگر اب صدر پاکستان اور الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ انتخابات 8 فروری کو ہوں گے تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہی عوام کے قریب ترین ہے، اور ہماری جماعت ہی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ پیپلزپارٹی نے ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے، یقین ہے عوام ہمارے حق میں فیصلہ دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ قائد عوام نے ملک کو متفقہ آئین کا تحفہ دیا، جمہوری نظام میں منتخب نمائندے عوام کو جوابدہ ہوتے ہیں۔ آئین پاکستان کو ہم نے اصل صورت میں بحال کیا، جب ہم نے ترمیم کی آئین میں تو کسی نے بھی اس کی مخالفت نہیں کی،انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں، کسانوں، خواتین، مرد، مزدوروں سب کے لیے پیپلز پارٹی مشعل راہ بنا رہی ہے، پیپلزپارٹی ملکی مسائل حل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ بعد ازاں ملک واصف مظہر راں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پی ٹی آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں،

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان ترقی کرے گا، 9 مئی کے بعد سے پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کی بات کی ہے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم واصف راں کے دوستوں و احباب کو پیپلز پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں، جنوبی پنجاب میں پیپلز پارٹی اچھا پرفارم کرے گی، ایسی فضا بنانا کہ مسلم لیگ(ن) الیکشن جیتے گی یہ غلط ہے، ہم الیکشن لڑیں گے الیکشن میں عوام فیصلہ کریں گے کون وزیراعظم ہوگا۔یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ ہم نے چور دروازے سے نہیں آنا، سرفراز بگٹی سمیت بہت سارے لوگ پیپلزپارٹی میں شامل ہو رہے ہیں، شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، امید کرتا ہوں الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری پوری کرے گا۔پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی کمپین کا آغاز 27 دسمبر کو گڑھی خدابخش سے ہوگا۔۔۔