صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے دفتر میں انتخابی عوامل کے دوران سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے میٹنگ کا انعقاد

 لاہور(صباح نیوز)دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹر لاہور  میں انتخابات کے انعقاد کیلئے سیکیورٹی انتظامات اور  انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل اور جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب (الیکشنز) سائیں بخش چنٹڑ نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور  سید ناصر رضوی، ایس ایس پی آپریشنز سید علی رضا اورایس پی سٹی لاہور قاضی علی  کے ساتھ ملاقات کی۔

اجلاس میں الیکشن دفاتر کے سیکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر لاہور میں تعینات ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسرکے دفاتر کی سیکورٹی کے حوالے سے بات چیت کی اور انہیں تاکید کی کہ الیکشن پروسیس کے دوران تمام دفاتر میں فول پروف سیکورٹی مہیا کی جائے۔ ریٹرننگ افسران،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے دفاترکے علاوہ  ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تربیت کے مقام پر  بھی سیکورٹی کی  فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

علاوہ ازیں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب  سعید گل نے ہدایات دیں کہ امیدواران کی انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ اس حوالے سے غیر جانبداری کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جائے۔اس  موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور  رافیعہ حیدر بھی موجود تھیں جنہیں ڈویژنل ہیڈ کوارٹر لاہور کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات پر الیکشن کمیشن کی ہدایات سے آگاہ کیا گیا۔