پشاور(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ انتخابات کے التوا کا خواب دیکھنے والے ناکام ہوگئے۔ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد اب شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں نے اقتدار میں آ کر قوم کی دولت لوٹنے کے سوا کوئی کام نہیں کیا۔ عوام نے اس بار بھی چوروں کو منتخب کیا تو یہ ان کی اور ملک کی بدنصیبی ہوگی۔ قوم 8 فروری کو چوروں، ڈاکوں اور لٹیروں کو مسترد کردے۔ قوم کے سامنے جماعت اسلامی کی صورت میں دیانتدار، ایماندار اور امانتدار قیادت موجود ہے۔ جماعت اسلامی قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے لوئر کوہستان کے ایک روزہ دورے کے دوران ضلعی صدر مقام پٹن میں تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے نائب امیر مولانا عبید الرحمن عباسی، ڈپٹی سیکرٹریز مولانا ہدایت اللہ اور مولانا حنیف اللہ، لوئر کوہستان کے امیر مولانا ظہور الہی، کولائی پالس کے امیر معراج خان اور اپر کوہستان کے امیر قاری محمد سعید نے بھی خطاب کیا۔
پروفیسر محمد ابراہیم خان نے مزید کہا کہ ملک میں بد امنہ، لاقانونیت، مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔ ضرورت کی ہر چیز مہنگی ہو رہی ہے، کوئی سرکار نظر آ رہی ہے اور نا ہی کہیں اس کی رٹ، اس صورتحال نے عوام کو بدحال کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی شکل میں مسلط موروثی جماعتوں سے کسی خیر کی توقع نہیں، عوام ان کے نعروں اور جھوٹے وعدوں میں نہ آئیں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس ملک کے مسائل کا حل موجود ہے۔ عوام 8 فروری کو ترازو پر مہر لگا کر پاکستان کی تقدیر بدلنے کا فیصلہ کریں۔