پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے تاکہ مہنگائی کے ستائے عوام کو سکھ کا سانس میسر ہو۔محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی اوراس کا فائدہ عوام کو پہنچانے کے لئے حکومت کو چیک اینڈ بیلنس کے نظام موثر کرنے کی ضرورت ہے ۔ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کو بھی یقینی بنانا ہوگا ۔مہنگائی، بے روزگاری کی شرح آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور اور گو جرانوالہ میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ  پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی حکومتوں کی ناقص حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک مسائلستان بن چکا ہے۔کرپٹ مافیا نے ہر سطح پر لوٹ مار مچا رکھی ہے۔ بد قسمتی سے موجودہ نگران حکمران بھی سابقہ حکمرانوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ تبدیلی اس وقت تک نہیں آسکتی جب تک ایماندار قیادت کو موقع نہیں دیا جاتا ۔انہوں نے کہا کہ  حکمرانوں نے پورے معاشی نظام کو ہی مفلوج کر کے رکھ دیا ہے ، جو بھی حکومت بر سر اقتدار آئی اس نے آئی ایم ایف  کے پروگرام کو آگے بڑھایا ۔مہنگائی بے روزگاری نے عوام کی زندگی عملا اجیرن ہو چکی ہے ۔

پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ نون اور پی ٹی آئی کی کارکردگی دعووں ، وعدوں، زبانی کلامی اور ڈنگ ٹپائو اقدامات تک محدود ہے۔ عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آتے۔ان کا کہنا تھا کہ  پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے وسائل کی دولت سے نوازاہے مگر حکمرانوں کی نا قص پالیسیوں کے سبب ہم ان سے بھر پورانداز میں استفادہ کرنے سے قاصر ہیں بلکہ الٹاان قدرتی وسائل سے غیر ملکی کمپنیاں فائدہ اٹھاتے ہوئے ثمرات حاصل کررہی ہیں۔ہمیں قرضوں کی بجائے خود انحصاری اوراپنے وسائل سے استفادہ کرنا ہوگا تب ہی جاکر ہم ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑے ہوسکتے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکومتی ناقص کارکردگی کے باعث عوام میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔قوم نے دیکھ لیا کہ کیسے پروٹوکول کی نفی اورقوم کو کفایت شعاری کا درس دینے والے دو درجن گاڑیوں کے قافلے میں گھومتے پھرتے ہیں۔ معیشت کی تباہی کے اصل ذمہ دار وہ لوگ ہیں جنھوں نے سیاسی مخالفین کو دبانے اور ان کوگرفتار کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا ۔ چوروں لیٹروں اور کرپٹ افراد کا محاسبہ اداروں کا کام ہے اور ضرورت اس امر کی ہے وہ بغیر کسی دباو کے اپنا کام کریں