سقوط ڈھاکہ اور سانحہ اے پی ایس بزدل حکمرانوں کی عاقبت نا اندیش پالیسیوں کا نتیجہ ہیں،محمد جاوید قصوری


 لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ، اس واضح فیصلے کے بعد اب ملک کے اندر الیکشن کے التواء کی باتیں بند ہو جانی چاہییں ۔ ہم اپنے نام و نشان اور مکمل تیاری کے ساتھ انتخابات میں حصہ لیں گے ۔ کارکن امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے پیغام کو اپنے حلقوں میں گھر گھر پہنچانے کا اہتمام کریں۔ حل صرف جماعت اسلامی کے سلوگن کے ساتھ انتخابات میں پڑھی لکھی ، محب وطن اور دیانت دار قیادت کو میدان میں اتارا گیا ہے ۔ عوام جماعت اسلامی کے نمائندوں کو ووٹ د یں تاکہ لیٹروں سے نجات حاصل کی جا سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک قوم ان کرپٹ لوگوں کو مسترد نہیں کرتی اس وقت تک ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ مسلم لیگ نون ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کو عوام نے آزما لیا ہے ، کسی ایک بھی سیاسی جماعت نے ملک و قوم کو آئی ایم ایف کے شکنجے سے نجات نہیں دلائی ، عوام کو ریلیف فراہم نہیں کیا گیا ، معیشت برباد اور ادارے تباہی کے دھانے تک پہنچا دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سقوط ڈھاکہ اور سانحہ اے پی ایس مفاد پرست اور بزدل حکمرانوں کی عاقبت نا اندیش پالیسیوں کا نتیجہ ہیں ، قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں نے دشمنوں کا کام آسان کیا ۔ بد قسمتی سے آج بھی جہاں ایک طرف ملکی حالات 1971سے مختلف نہیں وہاں دوسری جانب دہشت گردی کے واقعات تمام تر قربانیوں کے با وجود ہو رہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ 25کروڑ عوام حالات کے رحم و کرم پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ، نوجوانوں میں نا امیدی اور مایوسی بڑھتی جا رہی ہے ۔ہر سال دس لاکھ افراد معاشی تنگدستی سے بیرون ممالک کا رخ کر لیتے ہیں ۔ جماعت اسلامی نجات دہندہ ہے ، ہم عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں