خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کا شالامار باغ لاہور کا دورہ، تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے حکومت پنجاب کی کوششوں کو سراہا


لاہور(صبا ح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ و خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے جمعہ کے روز شالامار باغ لاہور کا دورہ کیا اور تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے حکومت پنجاب کی کوششوں کو سراہا۔شالا مار باغ پہنچنے پر خاتون اول ثمینہ عارف علوی کا استقبال ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری اور امچور گارڈنرز کلب کی چئیر پرسن نوشین سرفراز نے کیا اور خوش آمدید کہا،

امچور گارڈنرز کی چئیر پرسن نوشین سرفراز نے شالا مار باغ میں درختوں، پودوں اور پھولوں کے بارے جاری شدہ کاموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا، ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کامران لاشاری نے خاتون اول کو شالامار باغ کی تزئین و آرائش اور تحفظ کے حوالے سے جاری کاموں کے بارے میں بریفنگ دی۔

بیگم ثمینہ علوی نے آثار قدیمہ کے ورثے کے تحفظ کے لیے صوبائی حکومت اور والڈ سٹی آف لاہور کی کوششوں کو سراہا اور دیکھ بھال کے اعتبار سے شالامار باغ کی انتظامیہ کی تعریف کی اور کہا کہ حکومت ثقافتی ورثہ کے تحفظ کے لیے تمام ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے- بعد ازاں خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے شالامار باغ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔۔