قائد اعظم کے موقف سے انخراف ،نگران وزیر اعظم اسرائیل بارے ا پنا موقف اپنے پاس رکھیں، محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے اسرائیل کے حوالے سے قائد اعظم کے موقف کی مخالفت غیر ملکی آقائوں بالخصوص امریکہ اور اسرائیل کو خوش کرنے کی کوشش ہے۔

وزیراعظم فلسطین اور اسرائیل کے مسئلے پر اپنا موقف اپنے پاس رکھیں۔دو ریاستی حل کسی صورت قابل قبول نہیں۔ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے جس کو امریکہ اور برطانیہ نے عالم اسلام کے سینے پر خنجر کی مانند گھونپا ہے۔

وزیراعظم کو قومی موقف پر بیان دینے سے قبل تاریخ کا مطالعہ کرنا چاہئے ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نگران وزیر اعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کے بیان پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے 7اکتوبر سے ابتک 19ہزار سے زائد معصوم فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے پچاس ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں بچوں کی تعداد 8ہزار سے تجاوز کر گئی، بے شرمی کی انتہا ہے کہ عالمی برادری، اقوام متحدہ ، امن کی علمبردار اور انسانی حقوق کا دم بھرنے والی این جی، او آئی سی سب مذمت تک محدود ہیں، غزہ کی 18لاکھ آبادی بے گھر اور انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ورنہ شہادتوں میں مسلسل اضافہ ہوتا چلا جائے گا ۔ اسرائیل” گریٹر اسرائیل” کی راہ پر گامزن ہے اور اس کے لئے وہ غزہ کے مسلمانوں کو نکالنا چاہتا ہے تاکہ پورے خطے پر قبضہ کر سکے۔

محمد جاوید قصوری نے کہا کہ غزہ جنگ صیہونی فوج کے لئے ڈراونا خواب بن چکی ہے۔نا صرف یہ کہ اسے فوجی اہداف حاصل نہیں ہوئے ہیں بلکہ بھاری جانی اور مالی نقصانات بھی اٹھانا پڑ رہا ہے ۔ اسرائیلی جنگ کی یومیہ لاگت تقریباً دوسو ستر ملین ڈالر ہے۔