جماعت اسلامی بر سر اقتدار آکر کاشتکاروں کو درپیش مسائل ان کی دہلیز پر حل کرے گی ،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پنجاب میں کھاد مافیا بے لگام ہو چکا ہے۔کھادوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے کاشتکار پریشان ہیں کھادوں ، زرعی ادویات اور مداخل کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہو چکا ہے ۔کسان فاقوں پر مجبور ہو چکا ہے مگر اشرافیہ کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔جماعت اسلامی بر سر اقتدار آکر کاشتکاروں کو درپیش مسائل ان کی دہلیز پر حل کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہورمیں مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ صاف شفاف اور منصفانہ انتخابات کروانا الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔دونوں آئینی ذمہ داری کو ادا کریں اور تمام سیاسی پارٹیوں کو لیول پلینگ فیلڈ دی جائے ۔لاڈلوں کی سیاست نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔ عام انتخابات کے انعقاد سے ہی ملک میں جاری آ ئینی بحران کا خاتمہ ہوگا۔ ملک کو 76برسوں سے مختلف مافیاز کے رحم و کرم پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے ساتھ ہی چوروں کا ٹولہ بھی متحرک ہو چکا ہے ۔قوم نے ان ظالموں کو بار بار آزما لیا ، اب ان کے فریب سے نکل کر حقیقی نمائندوںکو موقع دیا جانا چاہئے ۔ مسلم لیگ نون ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی جو بھی بر سرا قتدار آیا اس نے مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔

مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے ۔ ملکی معیشت کا ستیاناس ہو چکا ہے ۔ ملک چوروں لیٹروں اور کرپٹ افراد کی آماجگاہ بن چکا ہے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے8دسمبر سے 8فروری تک 63روزہ انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔ ہمارا ٹارگٹ نوجوانوںمیں سیاسی شعور پیدا کر کے اس تحریک کا حصہ بنانا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ جماعت اسلامی نے پچاس فیصد ٹکٹس نوجوانوں کو دیے ہیں ۔ جماعت اسلامی عوام کو ان مافیا ز سے بچانا چاہتی ہے جاگیر داروں، سرمایہ داروںاور وڈیروں کو مسترد کر کے قوم ہمارا ساتھ دے۔قوم ہمار ا ساتھ دئے