پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت لاہور سے گرفتار


لاہور(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت کو گرفتار کرلیا گیا۔لاہور پولیس نے شیر افضل مروت کو لاہور ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق شیر افضل مروت لاہور ہائی کورٹ بار کے اجلاس میں شرکت کے بعد واپس روانہ ہوئے تو جی پی او چوک پر پولیس اہلکاروں نے انھیں روک لیا۔اس موقع پر شیر افضل کے ہمراہ وکلا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی،

گرفتاری کے وقت ساتھی وکلا نے کچھ مزاحمت کی، اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما نے لاہور ہائیکورٹ میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی تاہم پولیس شیر افضل مروت کو گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئی۔لاہور پولیس نے بتایا کہ شیر افضل مروت کو نقض امن کا باعث بننے پر گرفتار کیا گیا ہے، 30 روز کے لیے ان نظر بندی کے احکامات جاری کیے گیے تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے،واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی شیر افضل مروت کو خیبر پختونخوا کے علاقے لوئر دیر میں مبینہ طور پر گرفتار کرنے کے بعد رہا کردیا گیا تھا، شیر افضل مروت باجوڑ جا رہے تھے کہ چکدرہ بائی پاس پر لوئر دیر پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔