لاڈلوں کو پالنا، نوازنا اور پھر تخت پر بٹھانا سیاسی میدان کا انتہائی غلیظ کھیل ہے  حافظ ادریس


لاہور (صباح نیوز)جماعت اسلامی کے مرکز رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ لاڈلوں کو پالنا، نوازنا اور پھر تخت پر بٹھانا سیاسی میدان کا انتہائی غلیظ کھیل ہے۔ اس ملک و قوم کی بدقسمتی ہے کہ کسی لاڈلے کے لیے میدان تیار کرنے کے لیے بیوروکریسی سے لے کر ذرائع ابلاغ تک اور عدلیہ سے لے کر الیکشن ڈے کے انتظامات تک، سب کچھ جھونک دیا جاتا ہے۔ 2018ء کے انتخابات کا لاڈلا آج اپنے کیے کا انجام بھگت رہا ہے تو اس سے پہلے بار بار لاڈلے بن کر ملک کا بیڑہ غرق اور اس کی شاندار معیشت کو دریا برد کرنے والے ایک خاص دروازے پر للچائی ہوئی نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔

منصورہ سے جاری بیان میں حافظ ادریس نے کہا کہ اس گندے کھیل سے وطن عزیز کے حالات میں کبھی بہتر تبدیلی نہیں آ سکتی۔ عوام الناس دن رات روتے پیٹتے تو ہیں کہ ہائے مارے گئے، مگر کتنا بڑا المیہ ہے کہ وہ اپنی حالت بدلنے کے لیے تیار نہیں ہیں، جن لوگوں نے ان کی روزی کے دروازے بندکیے اور ان کی جان، مال اور عزت و آبرو کو لوٹا، انہی کے پیچھے بھاگتے ہیں۔ نئی نسل سے امید ہے کہ یہ ہوش سے کام لے گی مگر ایک جھوٹے کلٹ کے سحر سے نکلنے کے بعد، یہ کلٹ سراسر جھوٹ، بداخلاقی اور نااہلی کا مرکب ہے۔ اب بھی جو پہچان نہیںسکے، ان کو اللہ ہی ہدایت دے، حل ایک ہی ہے نظام مصطفیۖ!