الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے غزہ ریلیف کیلئے مصرمیں کیمپ آفس قائم کردیا ، وقاص جعفری


راولپنڈی ( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے غز ہ فلسطین میں امدادی سرگرمیوں کومانیٹراور تیزترکرنے کے لئے قاہرہ مصرمیں الخدمت کیمپ آفس قائم کردیا۔

سیکرٹری جنرل سیدوقاص جعفری نے مصردورے کے دوران  کیمپ آفس قاہرہ کے قیام پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس سے قبل ڈیڑھ ماہ سے الخدمت فاؤنڈیشن ڈونرزکے عطیات سے بچوں،خواتین سمیت غزہ کے مظلوم عوام کیلئے پاکستان سے امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے،قاہرہ میں الخدمت کیمپ آفس کے قیام کا مقصدامدادی سرگرمیوں کوتیزکرنے سمیت دیگرپاکستانی این جی اوزاور اووسیزکمیونٹی کی جانب سے غزہ کی امدادی سرگرمیوں میں تعاون کی فراہمی بھی شامل ہے ۔

وقاص جعفری نے کہاکہ قاہرہ میں وئیرہاؤس بھی قائم کیا گیا جہاں فوڈ پیکج کی پیکنگ جاری ہے امدادی سامان کی تیاری کے بعد قاہرہ سے ٹرکوںکے ذریعے غزہ بارڈر کے قریب العریش منتقل کیاجارہا ہے جہاں سے اگلے مرحلے میں غزہ کے متاثرین تک پہنچایاجائے گا ۔ امدادی سامان میں آٹا،چاول ،دالیں ،گھی سمیت خواتین کیلئے ہائی جین کٹس شامل ہیں ۔سیکرٹری جنرل نے ڈونرزکاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ ان کی دی ہوئی امانتیں اور ڈونیشن غزہ کے متاثرین تک پہنچانے کے لیے الخدمت کی مینجمنٹ دن رات مصروف عمل ہے ۔