امریکا کے ہاتھوں سے پوری انسانیت کا خون ٹپک رہا ہے، فضل الرحمان

پشاور(صباح نیوز)جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غزہ کے لوگوں نے بہت بڑی قربانی دی ہے، حماس نے مسئلہ فلسطین کو زندہ کردیا ہے، امریکا کے ہاتھوں پوری انسانیت کا خون ٹپک رہا ہے،گزشتہ حکومت کے فتنے کو ہم نے شکست دی، پاکستان پر معیشت کے حوالے سے دباؤ مسلط کیا جارہا ہے۔

شمولیتی اجتماع  سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے ہم اس کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان کی شناخت اسلامی ہونی چاہئے تھی، ہماری مذہبی شناخت کو ختم کردیا گیا، پاکستان پر معیشت کے حوالے سے دباؤ مسلط کیا جارہا ہے، بھارت، افغانستان، ایران پر معاشی دبا ؤنہیں ہے۔

امیر جے یو آئی نے کہا کہ بھارت، بنگلہ دیش پر مدارس کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں ہے، دینی مدارس کے حوالے سے دبا صرف پاکستان پر ہے، الیکشن میں آپ کے ووٹ نے فیصلہ کرنا ہے، کیا پھر آپ انہی قوتوں کے حوالے ملک کریں گے جن کا ایجنڈا کشمیر بیچنا اوراسرائیل کو تسلیم کرنا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غزہ کے لوگوں نے بہت بڑی قربانی دی ہے، حماس نے مسئلہ فلسطین کو زندہ کردیا ہے، کہاں ہے عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں؟ غزہ میں دو ماہ کے اندر16 ہزار لوگوں کو شہید کر دیا گیا، بیس سال افغانستان میں انسانیت کا قتل کیا گیا، امریکا نے عراق، لیبیا، شام کو برباد کیا، امریکا کے ہاتھوں پوری انسانیت کا خون ٹپک رہا ہے، امریکا افغانستان سے شکست کھا کر بھاگا، اسے سپر پاورنہیں کہہ سکتے، اسلامی دنیا اور ہمارے ملک کے حکمران کیوں دبا میں ہیں۔