پشاور(صباح نیوز) جماعت اسلامی نے انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔ مہم 8دسمبر سے 8فروری تک جاری رہے گی۔ پشاور پریس کلب میں صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان کی صدارت میں جماعت اسلامی اور جے آئی یوتھ پشاور کے زیر اہتمام تقریب منعقد ہوئی جس میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر صابر حسین اعوان، ضلعی امیر بحر اللہ خان ایڈووکیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لیے نامزد امیدواران شریک ہوئے۔ تقریب میں نامزد امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کسی بھی جماعت میں جمہوریت نہیں، سب جماعتیں چند خاندانوں کی پراپرٹیاں ہیں۔ باپ کے بعد بیٹا، بیٹی، پوتا اور نواسا پارٹی کا سربراہ بنتا ہے۔ ٹکٹوں کی تقسیم بھی ذاتی پسند ناپسند کی بنیاد پر ہوتی ہے یا پھر کروڑوں روپے لے کر جاری کی جاتی ہے۔ الحمد للہ جماعت اسلامی صحیح معنوں میں جمہوری جماعت ہے اوراس کے ٹکٹ مکمل طور پر کارکردگی اور امانت و دیانت کی بنیاد پر دیے جا تے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ہم نے 8دسمبر سے اپنی الیکشن مہم کا آغاز کردیا ہے۔ ہماری مہم 8فروری تک جاری رہے گی۔ اللہ کا فضل اور نوجوانوں کا ساتھ رہا تو جیت کر دکھائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ آئین کے تحت قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کے امیدوار دیانتدار،ایمانداراور امانتدار ہونے چاہئیں،لیکن افسوس کا مقام ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی سیاسی جماعت ان اصولوں پر امیدوار کھڑے نہیں کرتی۔ پارٹی سربراہ خود چور ہوتا ہے تو کسی ایماندار کو کیا ٹکٹ دے گا۔
انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو بھی چاہئے کہ امیدواروں کو آئین کے مطابق انتخاب لڑنے کا موقع دیں، اگر سیاسی جماعتیں آئین کے مطابق موزوں امیدواروں کو سامنے نہیں لاتی تو عوام صحیح امیدواروں کو ووٹ دیں، عوام ایسے امیدواروں کا انتخاب کریں جو پانچ سال ان کے لیے درد سر نہ بنیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحر اللہ خان نے کہا کہ ہم نے پشاور کو دوبارہ تعمیر کرنے کا عہد کیا ہے۔ ہماری مہم کا عنوان آئیں پشاور کو دوبارہ بنائیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ الیکشن میں جماعت اسلامی کا مقابلہ چار کرپٹ خاندانوں سے ہے۔ہمارا مقابلہ نوازشریف، زرداری، مولانا فضل الرحمن، اسفندیار ولی اور پرویز خٹک سے ہے۔ جماعت اسلامی نے میرٹ کی بنیاد پر ٹکٹ جاری کئے ہیں۔ کارکن بیدار رہے تو آئندہ انتخابات میں پشاور ہمارا ہوگا۔انھوں نے ڈی پی او کی جانب سے چارسدہ کی خاتون کو ہراساں کرنے اور قتل کی دھمکیوں کے معاملے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی مظلوم خاتون کے ساتھ ہے۔ نگران وزیر اعلی، آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا کہ اگر تین دن کے اندر اندر خاتون کے ساتھ زیادتی کا نوٹس نہ لیا اور خاتون کو انصاف نہ دلایا تو احتجاج کریں گے اور نتائج کی تمام ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔