پشاور(صباح نیوز)اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ خیبر پختونخواکے زیر اہتمام حقوق طلبہ کنونشن وغزہ ریلی کل(بدھ کو) ہوگی۔اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام حقوق طلبہ کنونشن وغزہ ریلی بدھ کی صبح 9بجے جامعہ پشاور ہاسٹل 2گراؤنڈ میں ہوگی۔جس کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔جس میں خیبر پختونخوا بھر کے کالجز اور یو نیورسٹیوں سے سینکڑو ں کی تعداد میں طلبہ شرکت کرینگے۔
کنونشن سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق،ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان شکیل احمد،صوبائی امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پر وفیسر محمد ابراہیم اور ناظم اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ خیبر پختو نخوا وسیم حیدر اور حماس(فلسطین) رہنماخطاب کریں گے۔اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ خیبر پختو نخوا کے ناظم وسیم حیدر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو مہینوں سے اسلامی جمعیت طلبہ نے حقوق طلبہ مہم شروع کی ہیں،جس میں ہمارے صوبہ میں مختلف تعلیمی اداروں میں پروگرامات،کانفرنسز اور احتجاجی مظاہرے ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی بجٹ میں جی ڈی پی کا 5فیصد حصہ،سمسٹر نظام میں اصلاحات،تعلیمی اداروں میں جنسی ہراسانی اور منشیات کا خاتمہ،جامعات میں مالی اور انتظامی بحران،طلبہ یو نین الیکشن کا نعقاد،فیسوں میں ہوشربااضافہ اورکالجز میں سٹاف کی کمی اور نئے ہاسٹلز کی تعمیر کے لیے آج22نومبر کو ہاسٹل 2گراونڈجامعہ پشاور میں حقوق طلبہ کنونشن اور غزہ ریلی ہوگی۔جس میں خیبر پختونخوابھر سے سینکڑوں کی تعداد میں طلبہ شرکت کرینگے۔