اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نوجوانوں کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے۔ اڑان پاکستان منصوبے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے نیوٹیک اور پرائم منسٹر یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے کردار کو سراہتے ہوئے نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ اڑان منصوبہ نوجوانوں کے لیے روزگار فراہم کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے نجی شعبے کو فروغ دے کر بے روزگاری کے خاتمے کے لیے پالیسی پر کام کرنے کا اعادہ کیا اور پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی ترقی کو ملکی مستقبل کے لیے کلیدی قرار دیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ جلد ڈیجیٹل یوتھ ہب کے نام سے ایک پلیٹ فارم متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے ذریعے نوجوانوں کو ملازمتوں اور دیگر خدمات کی معلومات فراہم کی جائیں گی۔وزیراعظم نے ہدایت دی کہ یہ پلیٹ فارم انگریزی اردو اور تمام مقامی زبانوں میں متعارف کرایا جائے۔وزیراعظم نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دینے والی جعلی اور بغیر لائسنس کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم بھی دیا۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کو بیرون ملک ملازمت فراہم کرنے کے لیے دوست ممالک کی مارکیٹس کے تقاضوں کے مطابق لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کی ،اجلاس میں وزیراعظم کو پرائم منسٹر یوتھ ایمپلائمنٹ پلان، افرادی قوت کو بین الاقوامی مارکیٹ میں درکار صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کے لیے اقدامات اور دیگر منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلی افسران شریک تھے.وزیراعظم کی ڈیجیٹل یوتھ ہب کو عوام کے لیے آسان بنانے کے لیے انگریزی کے ساتھ ساتھ آردو میں متعارف کرانے کی ہدایت کی