لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے لاہور میں غزہ مارچ کی کامیابی پر کارکنان ، ذمہ داران اور عوام الناس سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو محب وطن قیادت کی ضرورت ہے جو صرف اور صرف جماعت اسلامی فراہم کر سکتی ہے ۔جماعت اسلامی جب بر سر اقتدار آئے گی تو امریکی غلامی سے نجات دلائے گی ۔ ہماری با وقار خارجہ پالیسی ہو گی جس کا محور و مرکز اللہ کی حاکمیت کو قائم اور رسول ۖ کی سنت پر عمل درآمد کرنا ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ جب تک ملک کے اندر منتخب حکومت بر سر اقتدار نہیں آئے گی اس وقت تک اضطراب اور افراتفری کی صورتحال پر قابو نہیں پایا جا سکتا ، مگر اس کے لئے ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنائے ۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے صرف انتقامی سیاسی کارروائیوں کے سوا کچھ نہیں کیا ۔خوشحال مستقبل کے لئے سیاسی و معاشی استحکام ناگزیر ہو چکا ہے ۔ ملک کو جتنا نقصان انتقامی سیاست نے پہنچایا ہے اتنا کسی اور چیز نے نہیں پہنچایا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک وقوم کو آگے لے کر جانا ہے تو پہلے سیاسی استحکام کی طرف جانا ہو گا ۔ داخلی انتشار اور اضطراب کی کیفیت ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے سیاستدانوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت عوام کی زندگی کو مسلسل اجیرن بنا رہی ہے ،مہنگائی ،بے روزگاری اور کرپشن و لوٹ مار نے قوم کو بد حال کر دیا ہے ، اقتصادی بحران جنم لے رہا ہے اگر حالات پر قابو نہ پایا گیا تو معیشت کو سنبھالنا مشکل ترین ہو جائے گا ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشی بحرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے سیاسی اختلافات کو بھلا کرقومی مفادات کو مدنظر رکھا جائے ۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ قوم بار بار شعبدہ بازوں کو آزمانے کی بجائے ان کو مسترد کرے اور جماعت اسلامی کے امیدواران کو کامیاب کروائیں ۔ ہم اقتدار میں آکر ملک و قوم کی تقدیر بدل کر رکھ دیں گے