بچوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب کا انعقاد،بچوں کی بھرپور شرکت

اسلا م آباد(صباح نیوز)بچوں کے عالمی دن کے موقع پر ایس او ایس فاؤنڈیشن اور بیسک کمیونٹی سکولز، وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے زیر اہتمام کچی آبادی میں رہنے والوں بچوں کے لئے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔

تقریب میں وفاقی وزارت تعلیم سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فائزہ فاطمہ، ڈائریکٹر ایس او ایس فاؤنڈیشن نشاط فاطمہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر بیکس نابغہ نجیب ہاشمی، میجر(ر) طارق محمود، عبدالسلام اور نعمان شاکر نے شرکت کی اور بچوں سے خطاب کیا۔

مقررنین نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں بچوں کے مسائل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بچوں اور نوجوانوں کی آبادی ملک کی کل آبادی کے نصف کے قریب ہے، لیکن بدقسمتی سے وسائل کی کمی کی وجہ سے ہم ان بچوں کے مسائل کو حل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ مقررین نے مزید کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، لیکن ڈھائی کروڑ بچے ابھی بھی اس حق سے محروم ہے۔ وزارت تعلیم کے پروگرام بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز نے اس سلسلے میں زبردست کام کیا، اور اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں سکولز سے باہر نوے فیصد بچوں کو کمیونٹی سکولز کے ذریعے تعلیمی سلسلے سے جوڑا، جوکہ ملک کے دیگر علاقوں میں کام کرنے والے اداروں کے لئے قابل تقلید ہے۔

اس موقع پر ایس او ایس فاونڈیشن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ وزارت تعلیم کے پروگرام بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز کے ساتھ مل کر ان بچوں کو تعلیمی سہولیات مہیا کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریگا۔تقریب میں بچوں نے بھرپور شرکت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھیں گے تاکہ مستقبل میں پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔