کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پاکستان امت کی امیدوں کی کرن ہے مگر حکمرانوں کی بزدالانہ ومفادپرستانہ پالیسیوں کی وجہ سے پوری دنیا میں وطن عزیز کا عزت ووقار مجروح ہورہا ہے،پہلی اسلامی ایٹمی طاقت اوردریا،گیس کوئلہ زراعت سمیت قدرتی دولت سے مالا مال ہونے والے ملک کی پہچان آج دنیامیں ایک بھکاری ملک کی ہوگئی ہے۔حماس نے جذبہ جہاد کو زندہ کیا ہے اورجہاد میں ہی زندگی ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ حنیفیہ سعودآباد ملیرمیں جمعیت طلبہ عربیہ سندھ کے تحت منعقدہ تربیتی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔تربیت گاہ میں سندھ بھر سے ارکان وامیدواران شریک تھے،اس موقع پرمنتظم صوبہ حافظ حذیفہ خان نے امیرصوبہ کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔صوبائی امیرنے مزید کہاکہ زندگی کو جانورکی طرح نہیں گذرانا چاہئیے بلکہ زندگی کا مقصد ہرشعبہ میں اپنے رب کے احکامات پرعمل کرنے کے ساتھ غلبہ دین کے لیے جدوجہد ہے۔
اللہ تعالیٰ نے انسان کو علم کے ساتھ عقل دی ہے اگراس کو صحیح طور پراستعمال کیا جائے تو پوری دنیا پرکنٹروحاصل کیا جاسکتا ہے۔صوبائی امیرنے شرکاء پرزوردیا کہ وہ اقامت دین کی جدوجہد کے ساتھ اپنی دینی تعلیم کے حصول پرخصوصی توجہ دیکر آگے بڑھیں اوراپنی انفرادی واجتماعی زندگی میں بھی انقلاب لائیں۔