لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ کسی ایک جماعت کی حکومت نہیں بننے جارہی، تمام جماعتیں الیکشن میں حصہ لیں گی اور فیصلہ عوام نے کرنا ہے ۔آئندہ عام انتخابات میں ن لیگ پنجاب کی 120 سے 125 نشستیں حاصل کرے گی، لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ اگلے ہفتے نوازشریف کی زیرصدارت پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ ہوگی، شیڈول جاری ہوتے ہی انتخابی مہم شروع کردیں گے، ہمارے پاس ہرحلقے میں ایک سے زائد امیدوارہے ، ہم نے بھرپوراندازمیں الیکشن کمپین کومنظم اورمتحرک اندازمیں چلانا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمپین کے حوالے سے نوازشریف ہرضلع میں جلسہ کریں گے، ملک کوبحرانوں سینکال کرترقی کی راہ پرگامزن کریں گے، عوام نے اپنے مینڈیٹ سے ہمیں سکت دینی ہے، امید ہے عوام ہمیں مینڈیٹ دے گی، عوام جسے منتخب کریں گے وہی حکومت بنائیں گے۔رانا ثنا اللہ کاکہنا تھا کہ بلاول بھٹو صرف بمباری کررہے ہیں حل پیش نہیں کررہے ، تنقید کا ہم برا نہیں مناتے، جنہوں نے ہمارے خلاف الیکشن لڑنا ہے انہیں تنقید کا پورا حق ہے، گزشتہ پونے چارسال اپوزیشن کوکہا گیا چھوڑوں گا نہیں، اس ماحول میں ہمیں داخل نہیں ہونا چاہیے، پارٹی سروے کیمطابق ہماری الیکشن میں پوزیشن بہترہے، الیکٹ ایبل ہونا کوئی گالی نہیں ہے، الیکٹ ایبل پرحلقے کی عوام اعتماد کرتی ہے، جوکچھ ہمارے ساتھ2018میں ہوا غلط تھا نہیں ہونا چاہیے تھا۔
لیگی رہنما نے کہا کہ نوازشریف کیخلاف جھوٹے کیسزپر انہیں سرخروہونا چاہیے، اگرکوئی کیسزمیں رکاوٹ بنتی ہے تواسے دورکریں گے، نوازشریف نے جودعدے کیے انہیں پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سیکیورٹی سے متعلق مسائل سے آگاہ ہوں، بلوچستان کوہم نے ساتھ لیکرچلنا ہے اورحالات کے تناظرمیں بلوچستان میں ریاست کیخلاف ہتھیاراٹھانیوالوں کومعاف کیا گیا، سازش کرنیوالے ایسا پراجیکٹ لائے جو موجودہ حالات کی وجہ بنے ، ایسی حکومت ہو جس کے پاس اکثریت اورپانچ سال کا مینڈیٹ ہو ، پانچ سال کا مینڈیٹ رکھنے والے ہی مسائل حل کرسکتے ہیں،
رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ آئندہ انتخابات میں پنجاب کی 120 سے 125 نشستیں ن لیگ حاصل کرے گی، اور مجموعی طور پر انتخابات سادہ اکثریت سے جیت جائیں گے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ایک تجربہ کار قیادت پاکستان کو ملے۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے 2 دفعہ نواز شریف نے پاکستان کو بحران سے نکالا ہے، قوم سے جو جو وعدے کیے پورے کرکے دکھائے۔ انہوں نے پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنایا۔انکا مزید کہنا تھا کہ ہم بالکل اس حق میں ہیں کہ تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے کا حق ملنا چاہیے، جن لوگوں نے کوئی جرم کیا ہوا ہو اس پر ہمارا کوئی قصور نہیں ہے۔ ایسا ممکن نہیں کہ ایک قتل کرنے والے شخص کو اس لیے نہ پکڑا جائے کہ اس نے الیکشن لڑنا ہے۔