ڈپٹی اسپیکر نیو یارک اسمبلی فل ریموس کے دورہ پاکستان نے سسٹر سٹیٹ تعلقات کی راہ ہموار کردی،امریکن پاکستان پبلک افیئرز کمیٹی

واشنگٹن(صباح نیوز) ڈپٹی سپیکر نیویارک سٹیٹ اسمبلی فل راموس کے دورہ پاکستان نے نیو یارک سٹیٹ کے ساتھ سسٹر سٹیٹ تعلقات کے قیام کی راہ ہموار کر دی ہے۔ڈپٹی سپیکر کے دورے کے دوران فریقین نے صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کے پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسوں کے لیے امریکہ میں خدمات سر انجام دینے کے حوالے سے زیادہ بہتر مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

امریکن پاکستان پبلک افیئرز کمیٹی  (اے پی پی اے سی)کے وفد کی سفیر پاکستان مسعود خان سے ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ امریکی ڈپٹی سپیکر نے پاکستانی تاجر برادری کو نیویارک اور دیگر شہروں میں ٹریڈ شوز اور نمائشوں کے انعقاد میں سہولت فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے تاکہ ان ٹریڈ شوز کے ذریعے امریکہ میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش کی جا سکے اور دونوں ممالک کے درمیان کمرشل تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے ۔

اے پی پی اے سی کے وفد نے سفیر پاکستان کو بتایا کہ ڈپٹی سپیکر کے دورہ پاکستان کے دوران ہونے والی ملاقاتوں میں طے پانے والے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے ایک جامع روڈ میپ تیار کرنے کے لیے چیمبر آف کامرس، امریکن پاکستان پبلک افیئرز کمیٹی اور ڈپٹی سپیکر آفس کے نمائندوں پر مشتمل تین کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں۔سفیر پاکستان مسعود خان نیویارک اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کے دورے کے دوران برآمد شدہ نتائج کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کی مضبوطی اور عوامی روابط کے فروغ  کے حوالے سے اے پی پی اے سی کی کاوشوں کو سراہا۔ نیویارک سٹیٹ کے ساتھ سسٹر سٹیٹ تعلقات کی تجویز کو سراہتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ یہ انتظام متعدد شعبوں میں طویل المدتی تعلقات کے قیام کے لیے ایک مضبوط فریم ورک فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ کیلیفورنیا  -پنجاب اور سندھ -جارجیا  کے درمیان سسٹر سٹیٹ معاہدے اس حوالے سے ایک مفصل خاکہ فراہم کرتے ہیں۔

سفیر پاکستان نے تاجر برادری اور امریکن پاکستان پبلک افیئرز کمیٹی پر زور دیا کہا کہ اتفاق شدہ تجاویز پر فوری طور پر کام شروع کر دیا جائے ۔ اس حوالے سے انہوں نے سفارت خانوں میں تعینات ٹریڈ اتاشیوں اور افسران کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ طے شدہ ٹائم لائنز کے ساتھ ٹھوس اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر مسعود خان نے پاکستان میں موجود تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پر بھی روشنی ڈالی خصوصا آئی ٹی، قابل تجدید توانائی، زراعت اور معدنیات اور کان کنی کی صنعتوں میں امریکی سرمایہ کاری  کے لئے موجود کاروباری مواقعوں کو اجاگر کیا۔سفیر پاکستان نے ملک میں ٹیک اسٹارٹ اپس کی خاطر خواہ ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کی وجہ سے آئی ٹی کے شعبے میں بے پناہ مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ سفیر پاکستان نے پاکستانی تاجر برادری سے کہا کہ ملک میں اپنی سرمایہ کاری کو بڑھا کر پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔امریکن پاکستان پبلک افیئرز کمیٹی کے اراکین نے سفیر مسعود خان کے مسلسل تعاون اور رہنمائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں، سفیر پاکستان مسعود خان نے پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل آرگنائزیشن ایریزونا، پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس اور پاکستانی امریکن ایسوسی ایشن ٹمپا بے، فلوریڈا کے نمائندوں سے بھی ایک ورچوئل میٹنگ کی، قونصل جنرل لاس اینجلس عاصم علی خان اور سی جی ہیوسٹن آفتاب احمد چوہدری بھی اجلاس میں موجود تھے۔

پاکستانی تنظیموں کے نمائندوں نے سفیر  پاکستان  کو اپنے اپنے علاقوں میں پاکستانی کمیونٹی کی سماجی اور فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں بریف کیا۔ انہوں نے  امریکہ  بھر میں موجود تمام پاکستانی تنظیموں کو ایک چھت کے نیچے لانے اور انہیں مشترکہ مفادات کے لیے متحد کرنے کی کوششوں  پر سفیر پاکستان کی خدمات کو  سراہا۔امریکی معاشرے میں پاکستانی کمیونٹی کے بڑھتے ہوئے کردار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے پاکستانی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر کام کریں اور اپنی سرگرمیوں کو مزید موثر بنانے کے لئے ہم آہنگی پیدا کریں۔