اسلام آباد(صباح نیوز) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پچھلے کچھ برسوں میں زیابیطس کے مرض میں خوفناک حد تک اضافہ ہوا ہے،اس وقت پوری دنیا میں شوگر کے مریضوں کی تعداد میں ہمارا نمبر تیسرا ہے جبکہ مڈل ایسٹ اور افریقہ کے 21ممالک کی فہرست میں ہمارا نمبر دوسرا ہے۔
زیابیطس سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں شوگر کے مریضوں کی تعداد 3کروڑ30لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جو ایک خطر ناک بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد زیابیطس کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔انہوں نے فریڈرک بینٹنگ کی جانب سے طب کی دنیا میں خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسولین کی ایجاد ذیابیطس کے مریضوں کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ زیابیطس کا مرض اپنی پیچیدگی کے اعتبار سے دیگر امراض کے مقابلے میں زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے، پاکستان میں بھی ذیابیطس کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی روز مرہ معمولات زندگی میں مثبت تبدیلیاں لاکر اور خوراک میں احتیاط کر کے اس مرض سے بچا جا سکتا ہے۔