اٹک (صباح نیوز) کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد اٹک کیمپس میں کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا جہاں پاس آوٹ ہونے والے طلبا و طالبات میں میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔کانووکیشن میں اساتذہ،والدین،طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مجموعی طور پر 572 فارغ التحصیل طلبا و طالبات کو اسناد سے نوازا گیا۔گزشتہ روز کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد اٹک کیمپس میں پاس آوٹ ہونے والے طلبا و طالبات میں میڈلز اور اسناد کی تقسیم کے کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ریکٹر کامسیٹس ڈاکٹر ساجد قمر مہمان خصوصی تھے۔انکے علاوہ ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر جنید مغل، ممبران سینیٹ، سیڈنکیٹ، اکیڈمک کونسل، ڈینز، شعبہ جات کے چیئرمین، اساتذہ، والدین طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔
مجموعی طور پر 572 فارغ التحصیل طلبا کو اسناد سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ اعلی تعلیم میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا و طالبات کو تمغوں سے بھی نوازا گیا۔مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں طلبا وطالبات کو زندگی کا اہم سنگ میل حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کامسیٹس کے اساتذہ پر اعتماد کرنے پر والدین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے طلبا کے سنہرے مستقبل کی تشکیل کی۔اس موقع پر ڈاکٹر ساجد قمر نے تحقیق میں مہارت کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔جس کی وجہ سے یونیورسٹی نے نہ صرف ملک بلکہ دنیا بھر میں اعلی مقام حاصل کیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر کامسیٹس ڈاکٹر ساجد قمر نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے انتھک محنت سے کام لینے کی تاکید کی آور ملک و قوم کے لیے آپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے بھی زور دیا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد اٹک کیمپس ڈاکٹر جنید مغل نے کیمپس کی اب تک کی تاریخ کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔انہوں نے انفراسٹرکچر کی ترقی اور کیمپس میں شروع کیے گئے نئے پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی جس میں بزنس ڈیٹا اینا لیٹکس ،آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور بی ایس انگلش شامل ہیں۔چاروں شعبہ جات مینجمنٹ سائنسز،کمپیوٹر سائنس ،الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجنیرنگ اور میتھمیٹکس میں پی ایچ ڈی کی کلاسز شروع کر دی گئی ہیں۔اس کے علاوہ طلبہ کی جسمانی اور تحقیقی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے طلبہ کی سوسائٹیاں قائم کی گئی ہیں۔
مختلف کھیلوں کی سرگرمیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ یونیورسٹیوں کا مقصد طلبا میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو بہتر بنانا ہے۔ڈائریکٹر نے بتایا کہ طلبا کو جدید ہاسٹلز کی سہولیات میسر ہیں اور نزدیکی شہروں سے پک اینڈ ڈراپ سروس شروع کی گئی ہے۔کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اٹک کیمپس کو آئی ایس او سے سرٹیفائیڈ کیا گیا ہے اور آدھے سے زائد اساتذہ نے مختلف قومی اور بین الاقوامی مراکز تعلیم سے پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔مزید یہ کہ تحقیق میں اٹک کیمپس کے اساتذہ نے کئی سالوں سے اپنا لوہا منوایا ہے اور اس سال یونیورسٹی کے پانچ اساتذہ کو سٹینفورڈ یونیورسٹی رپورٹ کے مطابق دنیا کے سر فہرست دو فیصد سائنسدانوں میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ تدریس اور تحقیق میں استاد کی فضیلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔