اسلام آباد(صباح نیوز)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی تاریخ ہے ان کا کوئی احتجاج یا ریلی پر امن نہیں رہی لیکن قانون کے مطابق ریڈ زون میں کوئی احتجاج نہیں کیا جاسکتا
۔اسلام آباد میں غیر ملکی سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ 24 نومبرکو غیر ملکی وفد پاکستان کے دورے پر تھا اور ایسے موقع پر ایک جماعت نے حیران کن طور پر احتجاج کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی اسی جماعت نے انتخابات میں دھاندلی کے الزام پر احتجاج کیا اور 35 پنکچر کا بیانیہ بنایا لیکن کمیشن نے دھاندلی کے دعوے جھوٹے قرار دیئے تاہم پی ٹی آئی قیادت نے معاہدے کے مطابق غلط الزام کی معافی نہیں مانگی۔انہوںنے کہا کہ اسلام آباد میں کسی بھی احتجاج کے لیے مقامات کا تعین کیا گیا ہے،
حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو ریڈ زون میں احتجاج سے باز رکھنے کے لیے ان سے مذاکرات کئے ۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ سفیروں کی سکیورٹی ہمیں خود سے بھی زیادہ عزیز ہے، ریڈ زون میں قانون سازی کے ذریعے احتجاج کرنا ممنوع قرار دیا گیا، ریڈزون کی سکیورٹی سے متعلق خصوصی قوانین نافذ کئے گئے ہیں کیونکہ ریڈ زون کی سکیورٹی ہمیشہ ہماری ترجیح رہی ہے۔.