پنجاب میں مری کے علاوہ تمام اضلاع کے سکول 24نومبر تک بند رہیں گے


لاہور(صباح نیوز)پنجاب میں مری کے علاوہ تمام اضلاع کے سکول 24نومبر تک بند رہیں گے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سموگ کے پیش نظرمزید پابندیاں عائدکردی گئیں،ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور اور ملتان میں یونیورسٹیز اور کالج بند رہیں گے،یونیورسٹیز اور کالجز کو آن لائن کلاسز پر منتقل کردیا گیا جبکہ مری کے علاوہ تمام اضلاع کے سکول 24نومبر تک بند رہیں گے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ لاہور اور ملتان میں تمام تعمیراتی کاموں پر مکمل پابندی ہوگی، قومی سطح کے تعمیراتی کاموں کی اجازت ہوگی،ہیوی ٹریفک کی لاہور اور ملتان میں داخلے پرمکمل پابندی ہوگی،اینٹوں کے بھٹے، فرنس انڈسٹری کے کام بھی پر بندش ہو گی،نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور اور ملتان میں ریسٹورنٹس میں صرف 4بجے تک کام کریں گے،ریسٹورنٹس کو 4سے 8بجے تک ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔

حکومت نے لاہور اور ملتان میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں، لاہور اور ملتان میں تمام اسپتالوں کی او پی ڈیز 8 بجے تک کام کریں گی۔نوٹیفیکشن میں بتایا گیا کہ ریسکیو 1122 اسموگ سے متاثرہ مریضوں کی معاونت کرے گا، 8 بجے کے بعد ریسٹورنٹس مکمل بند رہیں گے اور تمام فیصلوں کا اطلاق 16 نومبر سے شروع ہوگا۔ڈی جی ماحولیات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام فیصلوں کا اطلاق 24 نومبر تک ہوگا، فارمیسز، ڈپارٹمنٹل اسٹورز، ڈیری شاپس، آٹا چکی، تندوروں کو پابندیوں استثنی حاصل ہوگا۔